کراچی: بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی سال گرہ کے موقع پر پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل (رجسٹرڈ) کی جانب سے آل پاکستان آن لائن کوئز مقابلے کاانعقاد کیا گیا۔
آن لائن کوئز مقابلے میں ملک بھر سے سینکڑوں طالب علموں نے شرکت کی،ابتدائی دومراحل میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل میں 18طلبا نے کوالیفائی کیا جن کا تعلق ملک کے چاروں صوبوں کے علاوہ اسلام آباد،گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر سے تھا۔
قائد اعظم کوئزکے سیمی فائنل اورفائنل کا انعقاد 29 دسمبر2020 کو سر آدم جی انسٹی ٹیوٹ( حسین آباد )کراچی میں منعقد ہوا۔
ایک دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد کے زیرک بلال قائداعظم کوئز کافائنل جیتنے میں کامیاب رہے، پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب کے علی شیر باجوہ نے دوسری اور اسکردو (گلگت بلتستان ) کے عامر رحیم تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
سیمی فائنل اور فائنل کو پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل (رجسٹرڈ) کے چئیرمین سید عاصم علی قادری اور وائس چئیرمین سید جاوید رضا نقوی نے بھی آن لائن دیکھا۔
مقابلے میں ججز کے فرائض سوسائٹی کے صدر واجد رضا اصفہانی اور نائب صدر تحسین فاطمہ نے انجام دیے جبکہ کوئز ماسٹر جنرل سیکریٹری بکر مجیب الہاشمی تھے۔
پروگرام کے مہمان خصوصی سر آدم جی انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل پروفیسر خاور مجید تھے۔