کے الیکٹرک ٹیموں نے چند گھنٹوں میں کراچی میں بجلی کی سپلائی بحال کردی

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) این ٹی ڈی سی کے جام شورو سرکٹ پر موجود 220 کے وی کے سرکٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے کراچی میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، لیکن کے الیکٹرک (کے ای) کے بجلی یونٹس آئی لینڈ موڈ پر ہونے کی وجہ سے ٹرپ ہونے سے بچ گئے۔

کے الیکٹرک اور نیشنل گرڈ میں رابطہ مکمل بحال ہونے اور کے ای کی ٹیموں کی کوششوں سے شہر کے بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے جب کہ باقی متاثرہ حصے کو بھی جلد بحال کردیاجائے گا۔

ترجمان کے ای کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی (NTDC) کے ساتھ ہمارا رابطہ مکمل طور پر بحال ہوگیا ہے۔ کے الیکٹرک نے مختلف اسٹریٹجک مقامات بشمول کے ڈبلیو ایس بی پمپنگ اسٹیشن، کراچی ایئرپورٹ سمیت شہر کے بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے، جب کہ دیگر علاقوں میں بھی جلد بجلی بحال کردی جائے گی۔

ہم بتدریج مختلف علاقوں میں فیڈرز کو بحال کررہے ہیں، جب کہ فیلڈ میں موجود ہماری ٹیمیں کسی بھی ممکنہ فالٹ کو دور کرنے کے لیے موجود ہیں۔ تاہم بارش کی وجہ سے بجلی بحالی کے کام میں مشکل پیش آرہی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ کنڈوں کے ذریعے غیر قانونی بجلی چوری والے علاقوں میں حفاظتی وجوہ کی بناء پر بجلی کی سپلائی بند کی جاتی ہے ۔ فیلڈ میں موجود ہماری ٹیمیں کلیئرنس ملتے ہی بجلی بحال کر دی جاتی ہے

صارفین کسی قسم کی معلومات یا شکایت درج کرانے کے لیے ہماری ہیلپ لائن 118، ایس ایم ایس سروس 8119، کے ای لائیو ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

Exit mobile version