یوفون نے لائسنس خریداری اور 4G کی فراہمی کیلئے سب سے بڑی سنڈیکیٹ فنانسنگ حاصل کرلی

کراچی: پاکستانی ٹیلی کام کمپنی، یوفون نے 4G اسپیکٹرم کی خریداری اور جدید 4G خدمات کو ملک بھر میں وسعت دینے کے لیے ایم سی بی، الائیڈ بینک لمیٹڈ، بینک آف پنجاب، نیشنل بینک آف پاکستان، اور یو بی ایل کے مشترکہ کنسورشیم سے اپنی سب سے بڑی سینڈیکیٹ فنانسنگ کی سہولت حاصل کرلی ہے۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پی ٹی سی ایل اور یوفون کے پریذیڈنٹ و گروپ سی ای او ، حاتم بامطرف نے 21 ارب روپے کی سینڈیکیٹ فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کئے۔

اس موقع پر ایم سی بی کے پریذیڈنٹ عمران مقبول، ایم سی بی کے کارپوریٹ فنانس اینڈ انٹرنیشنل بینکنگ کے گروپ ہیڈ شعیب ممتاز، الائیڈ بینک کے پریذیڈنٹ ایزد رزاق گل، الائیڈ بینک کے کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ کے چیف اویس شاہد، بینک آف پنجاب کے قائم مقام پریذیڈنٹ فرید احمد، نیشنل بینک کے کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ گروپ کے ڈیویژنل ہیڈ عابد کچلیو، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے گروپ ہیڈ کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ فاروق احمد خان بھی موجود تھے۔

یوفون نے پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے حال ہی میں منعقدہ اسپیکٹرم کی نیلامی کے دوران مسابقتی بولی کے نتیجے میں 4G اسپیکٹرم کا لائسنس حاصل کیا ہے۔

ٹیلی کام کمپنی کی جانب سے اپنے صارفین کو اعلیٰ معیار کی کنکٹویٹی اور خدمات کے بہتر استعمال کے ساتھ ساتھ 4G اسپیکٹرم میں سرمایہ کاری سے اسکے نیٹ ورک کی گنجائش میں توسیع اور مستعدی میں مزید بہتری آئے گی۔

اس موقع پر پی ٹی سی ایل اور یوفون کے پریذیڈنٹ وگروپ سی ای او ، حاتم بامطرف نے بروقت مالی تعاون کرنے پر بینکنگ کنسورشیم کا شکریہ ادا کیااور کہا، "اس مالیاتی سہولت سے پاکستان کے لوگوں کو اعلیٰ معیار کی موبائل براڈ بینڈ خدمات حاصل ہوں گی۔

اس سرمایہ کاری سے ہماری خدمات کا معیار بہتر ہوگا اور ہمارے صارفین کی ترقی کے لئے سماجی و معاشی مواقع کھلیں گے۔ ملکی ترقی پاکستان کی بینکنگ اور ٹیلی کام انڈسٹریز کا مشترکہ ہدف ہے اور اس سلسلے میں ہم مل جل کر لوگوں کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔”

ایم سی بی کے صدر عمران مقبول نے یوفون کو 4G اسپیکٹرم کے حصول پر مبارک باد پیش کی اور کرونا کے بعد کی صورتحال میں تمام شعبوں میں تیز رفتار ترقی کے لیے ورچوئل کنکٹویٹی بڑھانے اور پائیدار ترقی کے لئے ٹیکنالوجیکل جدت اختیار کرنے پر زور دیا۔

عمران مقبول نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوفون نئی 4G صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار مزید وسیع کرے گا۔

Exit mobile version