کراچی: پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل (رجسٹرڈ) نے اپنے نائب صدر اور معروف کوئزر پرویز صادق کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سوسائٹی کے بانی چٸیرمن سید عاصم علی قادری اور واٸس چیئرمین سید جاوید رضا نے پرویز صادق کی ناگہانی موت پر گہرے افسوس کااظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم پاکستان کی کوئز تاریخ کا اثاثہ تھے اور ان کے جانے سے کوئز کی دنیا کے لوگ صدمے سے دوچار ہیں۔
سوسائٹی کے صدر واجد رضا اصفہانی اور جنرل سیکریٹری بکر مجیب الہاشمی نے پرویز صادق کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک متحرک ساتھی تھے اور پاکستان کوئز سوسائٹی میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پرویز صادق کو ان کی خدمات پر گذشتہ برس پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔