اسلام آباد: اتصالات گروپ کے اعلیٰ قیادت پر مشتمل وفد نے جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی وزراء اور اہم حکومتی سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔
اتصالات گروپ کے سی ای او حاتم دویدارکی سربراہی میں وفد نے وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر برائے نجی کاری، محمد میاں سومرو اور چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے)،میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ سے ملاقاتیں کی۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اتصالات کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران بلخصوص ٹیلی کام سیکٹر اور قومی اقتصادی ترقی کیلئے اس کی اہمیت سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیرخزانہ،ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان کو ڈیجیٹلائزڈ معیشت بنانے کیلئے ایک مضبوط انفراسٹرکچر تیار کرنے میں معاونت پر اتصالات اور پی ٹی سی ایل کی کوششوں کی تعریف کی۔ وزیر نے ڈیجیٹل پاکستان کیلئے وزیراعظم عمران خان کے وژن اور آج کی ڈیجیٹل دنیا میں اس کے کردار کو اجاگر کیا۔
وفاقی وزیربرائے نجی کاری محمد میاں سومرو نے اپنی ملاقات کے دوران پاکستان میں ان کی دلچسپی اور ٹیلی کام سیکٹر میں شراکت کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زبردست مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ پاکستان میں سیلولر فون کا فی کس تناسب عالمی سطح پر سب سے زیادہ ہے۔ اتصالات اور نجکاری ٹیموں نے زیر التواء معاملات کو تیز کرنے اور مسلسل اجلاسوں کا انعقاد کرنے کا عزم کیا۔
اتصالات کے سی ای او حاتم دویدارنے حکومت پاکستان بشمول وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکشن، وزارت خزانہ اور وزارت نجی کاری کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دنیا کی بڑی معیشتوں کے طرز پر پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹرکی ازسر نو تشکیل میں ان کے کردار پر زور دیا۔
٭٭٭اختتام٭٭٭
پی ٹی سی ایل:
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) پاکستان کا سب سے بڑااور مربوط انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) کی خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔ اس کا آغاز 1947ء میں ٹیلی فون اینڈ ٹیلیگراف ڈپارٹمنٹ کی حیثیت سے ہوا، آج یہ جدید ترین ڈیجیٹل اور ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔ یہ ملک کے مواصلاتی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور خیبر سے کراچی تک سب سے بڑا فائبر کیبل نیٹ ورک اور پاکستان کو دیگر اقوام ِ عالم سے منسلک کرنے کے لئے بچھائی گئی زیرِ آب کیبل کا حامل ہے۔ پی ٹی سی ایل کو ابتدائی طور پر طویل المدتی AAA اور مختصر المدتی A-1+ ریٹنگ (درجہ بندی) دی گئی ہے۔