پاکستان اور روس کے درمیان اسٹیل ملز بحالی کا معاہدہ طے پاگیا

شیئر کریں

پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے پاکستان اور روس میں نیا معاہدہ، صنعتی تعاون میں پیش رفت:

پاکستان اور روس کے درمیان صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے،

جہاں کراچی میں واقع پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے ایک اہم پروٹوکول پر دستخط کیے گئے ہیں۔

یہ معاہدہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے میں طے پایا،

جس پر پاکستان کے سیکریٹری برائے صنعت و پیداوار سیف انجم اور روسی کمپنی

"انڈسٹریل انجینئرنگ ایل ایل سی” کے جنرل ڈائریکٹر وادم ویلیچکو نے دستخط کیے۔

تقریب میں وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و تجارت ہارون اختر خان

اور روس میں پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی بھی شریک تھے۔

اس منصوبے کا مقصد پاکستان اسٹیل ملز کی پیداواری صلاحیت کو بحال کرنا اور

اسے مزید وسعت دینا ہے، جس سے پاک روس صنعتی تعاون کو نئی توانائی ملے گی۔

ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کی عکاس ہے

اور مستقبل میں صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ پہلے بھی اپنے ایک انٹرویو میں ہارون اختر خان

بتا چکے ہیں کہ حکومت پاکستان اسٹیل ملز کی مشینری کا معائنہ کروا رہی ہے، اور اگر اس میں سے

نصف بھی قابل استعمال نکلی تو روس کے تعاون سے مل کی بحالی ممکن ہوگی۔

حکام کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کے پاس 18,660 ایکڑ زمین موجود ہے،

جس میں سے 710 ایکڑ پر ایک نیا اسٹیل پلانٹ قائم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں تقریباً 1.887 ارب ٹن کے آئرن اوور ذخائر موجود ہیں،

اس کے باوجود ملک کو ہر سال 2.7 ارب ڈالر مالیت کا اسٹیل درآمد کرنا پڑتا ہے،

جسے کم کرنے میں یہ منصوبہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

تازہ ترین اپڈیٹس کے لیے ڈے نیوز کو گوگل نیوز، انسٹاگرام، یوٹیوب، فیس بک، واٹس ایپ اور ٹک ٹاک پر فالو کریں۔

Exit mobile version