کراچی: پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بین الکلیاتی کوئز مقابلے میں کالجز اور جامعات کی 24 ٹیموں نے شرکت کی۔
مقابلے میں سر آدم جی انسٹی ٹیوٹ ، کریم آباد میں ہونے والے ذہنی آزمائش کے ایونٹ میں جامعۃ الرشید کے شعبہ عربی کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز دوسرے اور علی انٹرمیڈیٹ کالج شاہ فیصل کالونی تیسرے نمبر پر رہا۔
مقابلے میں ججز کے فرائض پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے وائس چیئرمین سید جاوید رضا نقوی، ایڈوائزری کونسل کے رکن منور علی قریشی اور راشد علی قریشی نے انجام دیے، جبکہ کوئز ماسٹر سید بکر مجیب ہاشمی تھے، مہمان خصوصی معروف سماجی کارکن ایس ایم نقی نے کامیاب طلبا میں انعامات تقسیم کیے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کی کارکردگی کو سراہا اور 1974 سے قائم کوئز سوسائٹی کے بانی چیئرمین سید عاصم علی قادری کو خراج تحسین پیش کیا،
تقریب سے مہمان اعزازی اور سر آدم جی انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل پروفیسر خاور مجید ، پاکستان کوئز سوسائٹی کے وائس چیئرمین سید جاوید رضا نقوی، صدر واجد رضا اصفہانی اور نائب صدر سیدہ تحسین فاطمہ نے بھی خطاب کیا۔