آئندہ 2 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری کی خوشخبری ملے گی، اظفر احسن

بی او آئی میں کاٹی کیلئے ڈیسک قائم کریں گے، کاٹی کا وفد اسلام آباد آکر ملے، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ

Spread the love

کراچی: آئندہ سال مارچ میں گلوبل انویسٹمنٹ سمٹ کا انعقاد کر رہے ہیں، عوام کو 2 ماہ تک بیرونی سرمایہ کاری حاصل ہونے کی خوشخبری ملے گی۔

کورونا کے بعد ٹیکنالوجی کے تبادلے کی اہمیت اجاگر ہوئی۔ اس ضمن میں ٹیکنالوجی کے تبادلے پر پالیسی مرتب کر رہے جو امید ہے 6 سے 8 ہفتہ میں مرتب کرلی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کے چیئرمین اظفر احسن نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر، صدر سلمان اسلم، کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا، سید فرخ مظہر، سینئر نائب صدر ماہین سلمان، نائب صدر فرخ قندھاری، یو بی جی صدر زبیر طفیل، سلیم الزماں، دانش خان ، فرحان الرحمان، جوہر قندھاری، ایس ایم یحیٰی، شیخ فضل جلیل، احتشام الدین، مظہر ناصر، مسلم محمدی اور جی ایف ایس بلڈرز کے عرفان واحد سمیت دیگر بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنما اور کاٹی ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اظفر احسن کا کہنا تھا کہ بڑی ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں کہ وزیر اعظم عمران خآن کی پوری توجہ معیشت کی بہتری میں ہے اور وہ ملک کی معاشی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ میں کاٹی کیلئے مخصوص ڈیسک قائم کریں گے جس کے ذریعہ کاٹی کے صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

چیئرمین بی او آئی نے کاٹی ممبران کو بورڈ آف انویسٹمنٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ میں بھی مسائل موجود ہیں، بطور چوتھے چیئرمین معاملات درست کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

اظفر احسن کا کہنا تھا کہ میرا تعلق بیوروکریسی سے نہیں بزنس کمیونٹی سے ہے، اسی لئے مسائل کا بہتر ادراک ہے۔ ہم معاشی حکمت عملی میں مختصر مدت اور طویل مدت کی منصوبہ بندی تیار کر ہے ہیں، اس کے علاوہ ون ونڈو اور آٹو میشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔

اس سے قبل کاٹی کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر نے کہا کہ اظفراحسن کی بطور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ تعیناتی بزنس کمیونٹی کیلئے خوش آئند ہے کیونکہ ان کا تعلق تاجر برادری سے ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بہترین وژن کی وجہ سے ملک کورونا کے بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔

گزشتہ ہفتہ وزیر اعظم نے ملاقات میں مجھے درخواست کی ہے کہ تھنک ٹینک تشکیل دوں جس کا مقصد معیشت کی بہتری میں اپنی تجاویز سے انہیں آگاہ کرنا ہے، انہوں ںے کہا کہ وزیر اعظم کی درخؤاست پر تھنک ٹینک پر عملدرآمد کیا جاچکا ہے۔

کاٹی کے صدر سلمان اسلم نے بی او آئی کے چیئرمین اظفر احسن کو کاٹی آمد پر خوش آمدید کرتے ہوے کہا کہ ملک میں براہ راست سرمایہ کاری انتہائی ضروری ہے، اس کیلئے حکومت کی جانب سے انفراسٹرکچر بہتر کرنے اور پیداواری لاگت کم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم سرمایہ کاری کیلئے روپے کی قدر میں بہتر لانا ناگزیر ہے۔ مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا تو بیرونی سرمایہ کار ملک میں انویسٹمنٹ کریں گے۔

اس موقع پر کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا نے کہا کہ مقامی سرمایہ کار پریشان ہے، کراچی کے صنعتکاروں کو جس طرح کی مشکلات کا سامنا ہے اس سے ظاہر ہے کہ وہ کاروبار نہیں جہاد کر رہے ہیں۔ حکومت کو کراچی پر لازمی توجہ دینی چاہیے۔

ملک کی بقاء مقامی سرمایہ کار کے اعتماد پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں متعدد صنعتی علاقے قائم کئے گیے جہاں سرمایہ کاری ہوئی لیکن آج تک وہاں بجلی، گیس اور لیز کے مسائل موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو بہتر کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سرمایہ کاری کے چیئرمین فرخ مظہر نے کہا کہ بورڈ آف انویسنٹمنٹ کی معیشت میں حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی ہے۔پاکستان دنیا بھر میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں سب سے زیادہ منافع دینے والا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چھوٹی اور درمیانی صنعت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ، حکومت کو اس ضمن میں بہتر پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

Exit mobile version