کراچی: کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں برسر اقتدار بزنس مین گروپ کی سپریم کونسل نے متفقہ طورپر فیصلہ کیا ہے کہ زبیر موتی والابزنس مین گروپ کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے،
تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین بی ایم جی طاہر خالق کی سربراہی میں ہفتے کے روز منعقد ہونے والے سپریم کونسل کے اجلاس جس میں وائس چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا، ہارون فاروقی، انجم نثار اور جنرل سیکٹری بی ایم اے کیو خلیل بھی شریک تھے اس اجلاس میں سراج قاسم تیلی کے افسوسناک انتقال کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اورمتفقہ طورپر یہ فیصلہ ہوا کہ زبیر موتی والا بی ایم جی کے چیئرمین ہوں گے۔
اجلاس کے شرکاءنے مرحوم سراج قاسم تیلی کی بے مثال خدمات اور تاجر و صنعتکار برادری اور کراچی والوں کے حقوق کے لئے تاحیات جاری جستجو پر خراج تحسین پیش کیا۔ زبیر موتی والا سندہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئر مین اور وزیر اعلی سندھ کے مشیررہ چکے ہیں جبکہ وہ کئی حکومتی اور نجی اداروں میں بحیثیت چیئرمین، ممبر ایڈوائزی بورڈ اور ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی رہے ہیں۔زبیر موتی والا بزنس مین گروپ کے بانی ممبر ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی چیمبر اور پاک افغان جوائنٹ چیمبر کے صدر بھی تھے
زبیر موتی والا نے بحیثت چیئرمین پاکستان ہوئیزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن، سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری، کونسل آف کراچی انڈسٹریل ایسوایشن، ، بولٹن مارکیٹ افیکٹیز ریلیف کمیٹی اور کئی دوسرے اداروں کے لئے خدمات پیش کیں اور وہ حکومتی سطح پر کئی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے بھی چیئرمین بھی رہے۔
تاہم انھوں نے سراج تیلی کے نقش قدم پر چلنے کا عہدکیا تاکہ کراچی چیمبر بی ایم جی کی پبلک سروس پالیسی کے تحت پوری تاجر وصنعتکار برادری کی بھرپور آواز بنا رہے اور ایک فعال ادارے کی حیثیت سے تاجر برادری کی مخلصی سے خدمت کا سلسلہ جاری رکھے۔