تحریک انصاف کا حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان

Spread the love

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ
بانی پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا اعلان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے

کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا کہا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا

کہ نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر عدالتی کمیشن نہ بننے کے اعلان پر

عمران خان نے مذاکرات ختم کرنے کا کہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تعاون نہ کرنے پر مذاکرات کال آف کیے ہیں۔

کمیشن کا اعلان نہ ہونے کی صورت میں مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔

بیرسٹر گوہر خان کے بقول تین ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔

مذاکرات کب اور کیوں شروع ہوئے؟

پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرت کا آغاز دسمبر میں اسپیکر قومی اسمبلی

سردار ایاز صادق کی جانب سے مذاکرات میں تعاون کی پیش کش کے بعد ہوا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ہی تمام مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔

حکومتی کمیٹی میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، راجہ پرویز اشرف،

خالد مقبول صدیقی، سید نوید قمر اور چوہدری سالک حسین شامل تھے۔

جب کہ پی ٹی آئی کی کمیٹی میں عمر ایوب، علی امین گنڈا پور، صاحبزادہ حامد رضا،

سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر اور راجہ ناصر عباس شامل تھے۔

مذاکرات میں ڈیڈ لاک اور پی ٹی آئی کے مطالبات

حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان دسمبر اور جنوری میں مذاکرات کے تین ادوار ہوئے۔

پی ٹی آئی نے 16 جنوری کو مذاکرات کے تیسرے دور میں ‘چارٹر آف ڈیمانڈ’ پیش کیا جس میں

نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر عدالتی کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

دو جنوری کو مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد تحریکِ انصاف کی قیادت نے عمران خان سے ملاقات کے بعد مطالبات پیش کرنے کا کہا تھا

تاہم کچھ روز تک یہ ملاقات نہ ہونے پر مذاکرات التوا کا شکار ہو گئے تھے۔

لیکن بعدازاں تحریکِ انصاف کی قیادت کی عمران خان سے ملاقات کے بعد

16 جنوری کو ہونے والے تیسرے مذاکراتی دور میں پی ٹی آئی نے تحریری طور پر اپنے مطالبات رکھ دیے تھے۔

ٹی آئی نے مطالبہ کیا تھا کہ دونوں کمیشن سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یا تین حاضر سروس ججز پر مشتمل ہوں۔

تحریکِ انصاف نے جیلو ں میں قید سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کو بھی چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل کیا تھا۔

تاہم اب تحریکِ انصاف کی قیادت کا کہنا ہے کہ حکومت نے تاحال اس معاملے پر

کوئی پیش رفت نہیں کی جس کے بعد عمران خان نے مذاکرات ختم کرنے کا کہا ہے۔

تازہ ترین اپڈیٹس کے لیے ڈے نیوز کو گوگل نیوز، انسٹاگرام، یوٹیوب، فیس بک، واٹس ایپ اور ٹک ٹاک پر فالو کریں۔

Exit mobile version