خیبر پختونخوا: آندھی اور طوفانی بارش کے دوران حادثات میں 12 افراد جاں بحق

شیئر کریں

شدید آندھی اور موسمی طوفان کے نتیجے میں خیبر پختونخوا میں 12 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی

خیبر پختونخوا میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب آندھی اور تیز طوفانی بارش نے تباہی مچادی ہے،

جس کے باعث 12 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں موسمی صورتحال انتہائی شدید تھی،

جہاں محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔

آندھی کے نتیجے میں درخت ٹوٹ کر سڑکوں پر گر گئے،

جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گھروں و عمارتوں کے سولر پینلز بھی اڑ گئے۔

پیسکو کے مطابق بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہو گیا، اور
ٹانک
جنوبی وزیرستان
کلاچی
اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

مختلف حادثات کے دوران خواتین، بچے اور دیگر افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

ریسکیو 1122 نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں،

زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

لوئر دیر کے میدان ٹکاٹک میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے،

جن میں 10 سالہ قاسم، 11 سالہ مرتضیٰ اور 9 سالہ سہیل شامل ہیں۔

مردان میں بھی ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

لکی مروت کے مختلف علاقوں میں موسمی طوفان سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا،

اور سرائے نورنگ میں دو مکانوں کی دیواریں گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے،

جن میں 10 افراد پھنس گئے جنہیں ریسکیو کے ذریعے نکالا گیا۔

متعدد علاقوں میں سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچا ہے، اور درخت گرنے کے سبب سڑکیں بند ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں رات بھر متاثرہ مقامات پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین اپڈیٹس کے لیے ڈے نیوز کو گوگل نیوز، انسٹاگرام، یوٹیوب، فیس بک، واٹس ایپ اور ٹک ٹاک پر فالو کریں۔

Exit mobile version