کے الیکٹرک کا بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا عزم

Spread the love

کراچی: بجلی چوروں اور نا دہندگان کیخلاف اقدامات کرتے ہوئے کےالیکٹرک نے لیاری اور ملیر کے ان علاقوں کی بجلی منقطع کی جہاں کے واجبات 2.9ارب روپے سے تجاوز کر گئے تھے۔

صارفین کے ساتھ تعاون کرنے کی مسلسل کوششوں اور ان کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اسکیم پیش کرنے کے باوجود بلوں کی ادائیگی نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ادارہ کاروائی کرنے پر مجبور ہوا۔

بجلی منقطع کرنے کیخلاف لیاری کے صارفین نے مختلف علاقوں میں جمع ہوکر احتجاج کیا۔ شہریوں نے موسیٰ لین اور کلری میں موجود کےالیکٹرک کے دفتر پر پتھراؤ کیا اور آتش گیر مادہ بھی پھینکا جس سے یوٹیلٹی کی املاک کو شدید نقصان پہنچا۔

خوش قسمتی سے کے الیکٹرک کا عملہ حملے میں محفوظ رہا۔ یوٹیلٹی نے نا معلوم حملہ آوروں کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی ہے۔

ایک اور واقعہ میں بجلی کی بندش کیخلاف لی مارکیٹ کے علاقے میں لوگ احتجاج کیلئے جمع تھے جب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے احتجاج میں شریک 2 افراد زخمی ہو گئے۔ احتجاج کو ہوا دینے والے کچھ عناصر نے اپنے مذموم مقاصد کو پورا کرنے کیلئے میڈیا میں حقائق کے منافی بیان جاری کر دیا جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی۔

کے۔ الیکٹرک کیخلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کےالیکٹرک کے ترجمان نے کہا ”ہم اپنے صارفین کو معاونت فراہم کرنے کیلئے ہر وقت دستیاب ہیں لیکن ساتھ ساتھ ہم ان واجبات کی وصولی کیلئے بھی تعاون کے طلبگار ہیں جن کی وصولی سالہا سال سے نہیں ہوئی۔

چند علاقوں کے واجبات تو اربوں روپے سے بھی تجاوز کر گئے ہیں۔ جو صورتحال پیش کی گئی ہے، اس کے بر خلاف کےالیکٹرک کا لی مارکیٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

کے الیکٹرک اپنے صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے انفرا اسٹرکچر کی بہتری کیلئے مسلسل سرمایہ کاری کر رہا ہے لیکن بلوں کی عدم ادائیگی ایسا غیر موزوں ماحول بناتی ہے جو کراچی کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہماری کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرتا ہے۔“

کےالیکٹرک صارفین سے مسلسل رابطے مین رہتا ہے اور ان کو باقاعدگی سے بلوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرتا ہے تاکہ باقاعدگی سے بلوں کی ادائیگی کی عادت پروان چڑھے۔

ماضی میں علاقوں کے نمائندوں نے بھی واجبات کی ادائیگی میں معاونت فراہم کرنے کیلئے کےالیکٹرک سے تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن بدقسمتی سے یہ وعدہ پورا نہیں ہو سکا۔

کےالیکٹرک ان صارفین کو مکمل تعاون کا یقین دیتا ہے جو اپنے واجبات کی ادائیگی کی خواہش رکھتے ہیں اور ہم علاقے کے رہائشیوں اور نمائندگان سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنے علاقے کی بہتری کیلئے مل کر کام کریں

Exit mobile version