دہشتگردوں کا سیکیورٹی فورسز حملہ، ایک جوان شہید، 7 زخمی

Spread the love

راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کےعلاقے میرعلی میں دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کردیا ہے۔ حملے میں فرنٹیئر کور کے 34 سالہ نائیک یاسین شہید اور 7 جوان زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ گزشتہ رات کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران اہم اور مطلوب دہشتگرد وسیم زکریا اپنے پانچ ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ آپریشن میں دہشتگرد تنظیم کے 10 اہم دہشتگرد گرفتار کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر وسیم کا تعلق میرعلی کےعلاقےحیدرخیل سے تھا۔ دہشتگرد وسیم 2019 سے اب تک 30 مختلف دہشتگرد کارروائیوں کا ماسٹرمائنڈ تھا۔

Exit mobile version