کراچی پریس کلب میں سندھ حکومت کے تعاون سے کرونا ویکسی نیشن کا آغاز

کراچی: صحافیوں اوران کے اہل خانہ کی کرونا ویکسینشن کے لئے حکومت سندھ کے تعاون سے کراچی پریس کلب میں ویکسینیشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ساؤتھ ڈاکٹر راج کمار نے صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی اور سیکرٹری محمد رضوان بھٹی کے ہمراہ منگل کو کراچی پریس کلب میں کورونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔

کراچی پریس کلب میں ایک ہفتے تک قائم رہنے والے سینٹر میں ایک ڈاکٹر، ایک لیڈی ویکسینیٹر سمیت چار ہیلتھ ورکرز موجود رہیں گے۔

ایک ہفتے تک کے لیے لگائے جانے والے اس ویکسی نیشن سینٹر میں صحافی اور ان کے اہل خانہ ویکسی نیشن کراسکے گے۔ویکسی نیشن کی دوسری ڈوز کے لیے 28دن بعد دوبارہ سینٹر قائم کیا جائے گا۔

کراچی پریس کلب کے سیکرٹری محمد رضوان بھٹی نے سینٹر سے ویکسی نیشن کی پہلی ڈوز لگوائی۔ اس موقع پر انہوں نے تمام صحافیوں کو ویکسی نیشن کرانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے۔

آج بھی کچھ لوگ کورونا کو سنجیدگی سے لینے کیلئے تیار نہیں جو انتہائی تشویشناک امر ہے ، کورونا وبا ایک حقیقت ہے اور اس سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ حکومت کی مرتب کردہ ایس او پیز پر عمل کر کے نہ صرف اپنی، اپنے اہل خانہ بلکہ دوسرے لوگوں کو بھی محفوظ رکھیں اور کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے منفی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ساؤتھ ڈاکٹر کمار نے کہا کہ صوبے بھر میں ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جارہا ہے ۔کراچی پریس کلب میں ویکسی نیشن سینٹر کا قیام حکومت کا انتہائی مثبت قدم ہے۔

واضح رہے کہ منگل کے روز پہلے دن 100 سے زائد صحافی اور ان کے اہل خانہ نے پریس کلب میں ویکسین لگوائی

Exit mobile version