تخریب کاری سے سوئی سدرن کی پائپ لائن کو نقصان، کوئٹہ اور بالائی بلوچستان میں گیس بند

Spread the love

ایک تخریب کاری کا واقعہ اختر آباد میں پیش آیا جہاں ویسٹرن بائی پاس، کوئٹہ کے قریب سوئی سدرن کی 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، یہ تخریب کاری کسی نامعلوم گروہ کی جانب سے کی گئی تھی، جس کے واضح نشانات پائپ لائن پر موجود ہیں۔
دھماکے کے نتیجے میں خارج ہونے والی گیس نے شعلے پکڑ لیے، لیکن سوئی سدرن کی تکنیکی ٹیم نے فوری طور پر میدان میں آکر مین والو بند کرکے آگ پر قابو پالیا۔ تخریب کاری کی اس کارروائی سے نہ صرف پائپ لائن کو نقصان پہنچا بلکہ بالائی بلوچستان کے کئی علاقے بھی متاثر ہوئے، جن میں کچھلاک زیارت، بوستان، یارو، کربلا، ہرمزئی اور پشین شامل ہیں، جبکہ کوئٹہ شہر میں ایئرپورٹ روڈ، نواکلی، جناح ٹاؤن، خائزی، اے ون سٹی اور ہزار گنجی بھی اس واقعے سے متاثر ہوئے۔
سوئی سدرن کی ٹیکنیکل ٹیم جائے وقوع پر فوری پہنچ گئی، لیکن پائپ لائن کی مرمت کا کام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد 26 دسمبر کی صبح شروع کیا جائے گا۔ متاثرہ پائپ لائن کے 8 فٹ کے حصے کی تبدیلی میں تقریباً 12 گھنٹے درکار ہونگے، لیکن کمپنی کا عملہ کوشش کرے گا کہ اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی اس دوران صارفین سے ہونے والی مشکلات پر معذرت خواہ ہے۔

Exit mobile version