معروف تاجر رہنما، کاٹی اور یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر انتقال کرگئے

Spread the love

کراچی: ملک کے معروف صنعتکار اور تاجر رہنما ایس ایم منیر کراچی میں گزشتہ روز حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے۔

ایس ایم منیر کے اچانک انتقال سے کاروباری برادری میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ایس ایم منیر نے گزشتہ روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری مہمان خصوصی تھے۔ ایس ایم منیر کو گزشتہ روز صبح سے ہی بخار کی شکایت تھی۔تقریب میں شرکت کے بعد وہ اپنے گھرروانہ ہوگئے جہاں طبیعت بگڑنے پر انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔وہ جگر کے عارضہ میں بھی مبتلا تھے۔

جبکہ چند سال قبل چین میں گردے کی پیوند کاری بھی ہو چکی ہے۔ مرحوم ایس ایم منیر کی عمر 77 برس تھی۔ ایس ایم منیر بزنس کمیونٹی میں بھائی جان کے نام سے بھی جانے جاتے تھے۔

وہ دین گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین ، ایم سی بی کے وائس چیئرمین، صدر انڈیا پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے علاوہ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)، کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ اور ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈاپ) کے سابق چیف ایگزیکٹیو بھی تھے۔

اس کے علاوہ ایس ایم منیر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر بھی رہے اور ایک طویل عرصے تک ان کا گروپ ایف پی سی سی آئی کی سربراہی کرتا رہا۔ ان کا شمار پاکستان کے سرفہرست صنعتکاروں میں ہوتا تھا جن کی سالانہ ایکسپورٹ ایک ارب روپے سے زائد تھی۔ ان کی اعلیٰ خدمات اور بہترین کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے 2006 میں انہیں ستارہ ایثار اور 2007میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔

صنعت و تجارت میں انہیں 25سے زائد ایوارڈز حاصل تھے۔ ایس ایم منیر کو حکومت کی جانب سے دو مرتبہ اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری سے بھی نوازا گیا تھا۔ ان کا تعلق چنیوٹ کے کاروباری خاندان سے تھا جبکہ 1964میں انہوں نے اپنے والد کے چمڑے کے کاروبار میں حصہ لینا شروع کیا۔ بعد ازاں وہ اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر ترقی کرتے ہوئے پاکستان کے مایہ ناز ایکسپورٹرز بن گئے۔

ایس ایم منیر کے انتقال پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن سمیت تمام تجارتی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر زبیر طفیل، ترجمان گلزار فیروز، سندھ ریجن کے چیئرمین خالد تواب، حنیف گوہر، کاٹی کے صدر فراز الرحمان، کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا، ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر سلیمان چاؤلہ، بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار، نائب صدر پاکستان بزنس فورم چوہدری احمد جواد نے کہا یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن ان چیف ایس ایم منیر کی وفات پر دلی صدر مہ پہنچا۔

افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک اچھے ٹریڈ لیڈر سے محروم ہوگیا بزنس کمیونٹی کیلئے ایس ایم منیر مرحوم کی خدمات یاد رکھے جائینگے پاکستان کی ممتاز کاروباری شخصیت اور ملک بھر میں صنعت کے فروغ کیلئے سرگرم کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Exit mobile version