جعفر بزنس سسٹمز کی کامیاب ٹیکنالوجی کمپنی کے طور پر ستائش

پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی کتاب میں پاکستانی اداروں کی کامیابی کو اجاگر کیا گیا ہے

کراچی: Kotler Impact نے حال ہی میں پاکستان میں اپنی کتاب”Essentials of Modern Marketing” کا اجراء کردیا ہے۔ اس کتاب کو مارکیٹنگ کے ماہر فلپ کوٹلر (Philip Kotler) نے تحریر کیا ہے۔

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی بین الاقوامی کتاب میں پاکستانی اداروں کی کامیابی کو کیس اسٹڈیز کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ جعفر بزنس سسٹمز (جے بی ایس) پاکستان کی ان 16 ممتاز کمپنیوں میں سے ایک ہے جن کے بارے میں اس کتاب میں ذکر کیا گیا ہے۔

پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں طلباء اپنی نصابی کتابوں میں غیر ملکی کمپنیوں کی کیس اسٹڈیز/کامیابی کی کہانیوں کو پڑھتے ہیں۔ اور یہ کہانیاں بہت کم ہی ان کے استعمال آنے والی مصنوعات اور خدمات سے متعلق ہوتی ہیں۔

لیکن اب وہ اُن کمپنیوں کی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں پڑھیں گے جن سے وہ یا تو وہ فائدہ اٹھاتے ہیں یا اپنے آس پاس دیکھتے ہیں۔ یہ جعفر بزنس سسٹمز کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے جو Kotler’s Book میں شامل واحد ٹیکنالوجی کمپنی ہے، جو اکیڈمیز اور کارپوریٹ سیکٹرز کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے لیے پُل کا کردار ادا کررہی ہے۔

جعفر بزنس سسٹمز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سید الوقار اسلام نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ جے بی ایس کو پاکستان کی کئی دیگر بڑی کمپنیوں کے ساتھ کیس اسٹڈیز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

ہمارے ملک کے لیے مقامی کیس اسٹڈیز پر کتاب کا ہونا بڑا سنگ میل ہے۔ عام طور پر ہمارے طلباء اور قارئین کو مقامی مواد کی کمی کا سامنا رہتا ہے، لیکن جے بی ایس اور دیگر کمپنیوں پر کیس اسٹڈیز سے پاکستانی طلباء کو مقامی نقطہ نظر سے زیادہ تفصیلات ملیں گی، جو اس سے قبل ہماری کاروباری کتابوں سے غائب تھی۔

مجھے یقین ہے کہ اس سے انہیں پیشہ وارانہ زندگی کے لیے بہتر طریقے سے تیاری کرنے میں مدد ملے گی۔ جے بی ایس اپنے کاروبار کی توسیع کے لیے کوشاں ہے۔ ہم Hysab Kytab، JBS Incorporated (امریکا)Blutech Consulting اور ENA جیسے اسٹارٹ اَپس کے حصول کے ذریعے مزید کاروبار وں میں سرمایہ کاری کریں گے۔

ہم مصنوعات، صارفین اور علاقوں کے پورٹ فولیو کے لحاظ سے عمودی اور افقی دونوں طرح کی ترقی پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جے بی ایس کے ریجنل سیلز ہیڈ شیخ طارق نے کہا کہ اعلیٰ درجے کی مارکیٹنگ کی کتابوں میں سے ایک میں جعفر بزنس سسٹمز کا تذکرہ کیا جانا ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

تکنیکی ترقی، ریسرچ اور صارفین کو عمدہ طریقے سے خدمات فراہم کرنے کا ہمارا سفر آنے والے برسوں میں اسی شاندار طریقے سے آگے بڑھتا رہے گا۔ یہ پہچان یقینی طور پر پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیکٹر کو دنیا کی نامور آئی ٹی کمپنیوں کی صف میں شامل ہونے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تقریب میں موجود مقررین کے پینل میں ڈاکٹر فہیم (سی ایم او کوٹلر امپیکٹ)، فاطمہ اسد سعید (سی ای او اباکس)، عرفان وہاب خان (سی ای او ٹیلی نار)، عاطف سلطان (ڈائریکٹر مارکیٹنگ فوڈز پیپسی کمپنی)، پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی (وی سی جی سی یو)، ڈاکٹر عمیر ہارون (اسسٹنٹ پروفیسر SDSB LUMS) اور ہمایوں فاروق (ڈائریکٹر مارکیٹنگ RB) ودیگر شامل تھے۔ کانفرنس کی نظامت جویریہ خان (کنٹری ہیڈ سیلز اینڈ مارکیٹنگ چغتائی ہیلتھ کیئر) نے کی۔

Exit mobile version