
پاکستان کا بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا عزم:
وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کا پاکستان مؤثر جواب دے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھارتی حکومت آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان پر حملے کی
منصوبہ بندی کر رہی ہے، جو کہ علاقے کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، مگر کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اقدام یا
جنگی کاروائی کا جواب قومی وقار کے ساتھ دیا جائے گا۔ اگر بھارت نے جنگ شروع کی تو اس کے نتائج کا
مکمل ذمہ دار وہ خود ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل تیار ہیں اور
ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ الرٹ ہیں۔ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع ہر قیمت پر کرے گی۔
تارڑ نے بھارت کے کردار کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا
خود ساختہ کردار نبھا رہا ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر کسی بھی طرح کی دہشت گردی کی سخت
مذمت کرتا ہے اور پہلگام حملے کے بعد اپنی ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔بھارت کو سچائی کا راز
جاننے کے لیے آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی گئی ہے، مگر بدقسمتی سے بھارت نے
تصادم کا راستہ اختیار کیا ہے، جو کہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات سے فرار، بھارت کے حقیقی مقاصد کو بے نقاب کرنے کا ایک بڑا ثبوت ہے۔