بزنستازہ ترینرجحان

قومی ایئر لائن کا پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ پر چارجز میں کمی کا اعلان

پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک کے وفد کا پی ایف وی اے کے نمائندوں سے آن لائن اجلاس

کراچی: قومی ایئرلائن نے مڈل ایسٹ کے لیے پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ کا فریٹ کم کردیا ہے۔

پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل (ریٹائرڈ) ارشد ملک نے پھل سبزیوں کے ایکسپورٹرز کے اجلاس میں مڈل ایسٹ کی مارکیٹ کے لیے قومی ایئرلائن کی پروازوں سے پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ کا فریٹ کم کرنے کا اعلان کیا۔

پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ میں اضافہ کے لیے قومی ایئرلائن کے ذریعے سہولتوں کی فراہمی کے لیے وفاقی وزارت تجارت کے تحت منعقدہ اجلاس میں پھل سبزیوں کے ایکسپورٹرز نے پی ایف وی اے کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کی سربراہی میں شرکت کی جبکہ وزارت تجارت کے جوائنٹ سیکریٹری رافع بشیر شاہ، پی آئی اے کے قمر الزماں نے بھی شرکت کی۔

وحید احمد کے مطابق سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل (ریٹائرڈ) ارشد ملک نے پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ کو درپیش مشکلات بالخصوص فریٹ میں اضافہ کی وجہ سے ترسیل کی لاگت میں اضافہ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے قومی ایئرلائن کے فریٹ کم کرنے کا اعلان کیا۔

پی آئی اے نے جدہ، ریاض، دمام اور دبئی کے لیے پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ کا فریٹ 24سینٹس فی کلو کم کردیا۔پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ کے لیے فی کلو گرام فریٹ 1.04ڈالر سے کم کرکے 80سینٹس مقرر کردیا گیا۔

وحید احمد کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے فریٹ میں کمی دیگر ایئرلائنز کے فریٹ کم کرنے میں معاون ہوگی، سی ای او پی آئی اے نے پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ کے لیے سہولتیں بڑھانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت تجارت کے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ سے کراچی اور لاہور میں جدید اسکینرز نصب کیے جائیں گے تاکہ ایکسپورٹ کارگو کی برق رفتاری سے اسکیننگ کی جاسکے اس طرز کا اسکینر پہلے ہی اسلام آباد ایئرپورٹ پر نصب ہے۔

وحید احمد نے بتایا کہ پی آئی اے ایکسپورٹ میں اضافہ کے لیے آم کے سیزن میں بھی سہولتیں فراہم کرے گی اس مقصد کے لیے سی ای او پی آئی اے پی ایف وی اے کے اراکین کے ساتھ خصوصی ملاقات کریں گے۔

جس میں آم کی ایکسپورٹ کے دوران فضائی کرایوں کو مناسب سطح پر رکھنے اور سہولتوں کی فراہمی کی منصوبہ بندی کی جائیگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button