لندن (فرح کاظمی) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں عید میلاد النبی ﷺ عقیدہ و احترام سے منایا گیا۔ بیگم ہائی کمشنر سفیر (ر) لینا سلیم معظم کی قیادت میں، ہائی کمیشن کی خواتین نے مشن کے چانسری ہال میں محفل میلاد النبی کا اہتمام کیا۔
اس تقریب میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا آغاز قران الکریم کی تلاوت سے کی گیا، جس کے بعد نبی المکرم نور مجسم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شان اقدس میں نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئیں۔
محفل میلاد النبی ﷺ میں کمسن مقررین نے بھی نبی کریم ﷺ کی پرانوار حیات زندگی کے حواے سے تقاریر پیش کیں، ذکر مصطفیٰ ﷺ کی محفل نے سماع باندھ دیا جبکہ جشن عید محفل میلاد ﷺ کے آخر میں پاکستان اور پوری دنیا کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بیگم ہائی کمشنر نے برطانیہ اور دنیا کے مسلمانوں کو عید میلاد النبی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ امن ، رواداری اور انسانیت سے محبت کے پیامبر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیم پر عمل کرتے ہوئے، پوری انسانیت فائدہ اٹھا سکتی ہے اور امن سے رہ سکتی ہے۔