
کراچی: پاکستانی لاجسٹک کمپنی ٹی سی ایس پرائیویٹ لمیٹڈ نے اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ یونین (آئی آر یو) کے زیر انتظام Transports Internationaux Routiers (TIR) پروٹوکول کی پیروی کرتے ہوئے حال ہی میں ادویہ کی ایک کھیپ بذیعہ سڑک تاشقند، ازبکستان پہنچائی۔
TCS پہلی پاکستانی کمپنی ہے جس نے پاکستانی ٹرکوں اور ڈرائیوروں کے ساتھ بین الاقوامی آپریشنز مکمل کیا ہے۔ اس آپریشن کی تکمیل کے لیے الیکٹرانک کسٹمز یوزر انٹرفیس اور ”ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن“ کی بین الاقوامی ضمانت درکار ہوتی ہے۔
ٹی سی ایس کے کامیاب آپریشن کے بعد مزید پاکستانی کمپنیاں اس اہلیت کی حصول کے لیے کوشاں ہے۔ ٹی سی ایس کی گاڑی افغانستان کے پہاڑوں میں کئی دنوں سے جاری شدید برف باری کے بعد 12 جنوری 2022 کو ازبکستان میں داخل ہوئی۔
شدید سردی کے موسم میں ٹی سی ایس کے پُرجوش عملے نے اس تاریخی مقصد کے حصول کے لیے ایک رات مشہور فرینڈ شپ پل پر اپنے ٹرک کے اندر گزاری، جو کہ افغانستان اور ازبکستان کے درمیان سرحد ہے۔
اس سرحد پر دونوں ممالک کے دروازے رات کو بند کردیے جاتے ہیں اور یہ وہ وقت تھا جب ٹی سی ایس ٹی آر ٹی ٹرک پل کراس کررہا تھا۔
اس طرح کے واقعات اور اس سے پہلے زمینی راستے کے متعلق ٹی آئی آر پروٹوکول کی رہنمائی نے ٹی سی ایس کو صارفین اور سرحدی طریقہ کار کے متعلق انمول تجربہ فراہم کیا ہے، جو پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان مستقبل کی تجارت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
ٹی سی ایس نے یہ تاریخی مشن وزارت تجارت اور پاکستان نیشنل کمیٹی آف دی انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس (PNC-ICC) اور ازبک انٹرنیشنل فارورڈرز ایسوسی ایشن (UIFA) کے تعاون سے مکمل کیا۔
اس موقع پر ٹی سی ایس کے شریک بانی اور چیئرمین خالد اعوان نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم نئے روٹس اور تجارتی راہداری کے لیے پگڈنڈی فراہم کررہے ہیں، جو اس خطے کی معیشتوں کو نئی زندگی بخشیں گے۔ ٹی سی ایس خطے کے ممالک میں سیلز اور کسٹمر سپورٹ دفاتر کھول کر اپنا دائرہ کار بڑھائے گا۔
قبل ازیں 2021 میں ٹی سی ایس پائلٹ کو پاکستان ریجنل اکنامک انٹیگریشن ایکٹیویٹی (PREIA) اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی USAID) (کی مدد حاصل تھی۔
جولائی 2021 میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ تاشقند کے دوران ازبک اور پاکستانی حکومتوں کی جانب سے اس منصوبے کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا تھا۔