
یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کی برطرفی: یونین کا ملک گیر احتجاج کا اعلان
برطرف ملازمین کے حق میں یونین کا بڑا فیصلہ
اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کے ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف یوٹیلیٹی اسٹورز یونین نے شدید احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔
یونین نے 17 فروری کو ملک بھر میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
احتجاج کا شیڈول اور مقام
یونین کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ بلو ایریا میں واقع ہیڈ آفس کے سامنے دوپہر 2 بجے منعقد کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، ملک بھر کے تمام پریس کلبز کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دھرنے کا بھی امکان ہے اور
یونین مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
احتجاج کی شدت اور وارننگ
یونین عہدیداران کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے برطرفی کا فیصلہ واپس نہ لیا تو
احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ احتجاج شدت اختیار کر سکتا ہے اور
ملک بھر میں اسٹورز بند کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
حکومتی فیصلہ اور پس منظر
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے تقریباً
2500 سے 2600 ڈیلی ویجز ملازمین کو نوکری سے نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، یو ایس سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پہلے ہی ملازمین کو فارغ کرنے کی منظوری دے دی تھی اور
اب متعلقہ زونز کو اس پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
حکومتی پالیسی کا نتیجہ
یہ فیصلہ حکومتی "رائٹ سائزنگ پالیسی” کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد سرکاری اداروں میں عارضی ملازمین کی تعداد کم کرنا ہے۔
اس پالیسی کے تحت پورے ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر کام کرنے والے
ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔