
خیبرپختونخوا:ضلع نوشہرہ دارالعلوم حقانیہ کی جامع مسجد میں دھماکا:
خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی مرکزی مسجد میں
جمعہ کے روز ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم 4 افراد ہلاک جبکہ
20 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاع کے مطابق یہ دھماکا نماز جمعہ کے دوران پیش آیا۔
حادثے کی خبر ملتے ہی ریسکیو 1122 کے عملے نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر
امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
آصف علی زرداری نے اس دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک، قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس واقعے کی مذمت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعائیں کیں۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بھرپور طبی امداد فراہم کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزدلانہ اور قابل مذمت کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی ہیں۔
وزیر اعظم نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا
اور دھماکے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دریں اثناء، وزیر داخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے
انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔