پاکستانی ارمغان مقیم انٹرنیشنل باڈی بلڈنگ کے کم عمر جج بن گئے
صلاحیتوں کا اعترف، ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے انہیں جج کا لائسنس جاری کر دیا ہے
کراچی: پاکستانی ارمغان مقیم انٹرنیشنل باڈی بلڈنگ کم عمر ترین جج بن گئے،انہیں مالدیپ میں منعقدہ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کے دوران جج بننے کا لائسنس جاری کر دیا گیا جو پاکستان کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔
کراچی فزیک اسپورٹس ایسو سی ایشن کے صدر ارمغان مقیم کو یہ اعزاز مالدیپ کے شہر مالے میں ہونے والی 54 ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک اسپورٹس چیمپئن شپ کے دوران دیا گیا۔
پاکستانی تن سازوں نے بھی اس ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی میڈلز حاصل کئے۔
33 سالہ ارمغان مقیم کی صلاحیتوں کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے انہیں جج کا لائسنس جاری کر دیا ہے جس کے بعد اب ارمغان مقیم کو انٹرنیشنل مقابلوں میں فیصلے کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔
اس موقع پر انٹرنیشنل باڈی بلڈنگ جج ارمغان مقیم کا کہنا تھا برسوں کی محنت کا پھل مل گیا ہے، جج بننے کے بعد جہاں مجھ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے تو وہیں یہ میرے لیے اپنی صلاحیتوں کا انٹرنیشنل سطح پر منوانے کا موقع بھی ہے۔
ارمغان مقیم نے سیکریٹری پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن سہیل انور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سہیل انور نے ہمیشہ تعاون فراہم کیا اور مشکل وقت میں ساتھ دیا، جس پر ان کا مشکور ہوں۔
خیال رہے کہ ارمغان مقیم پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے موجودہ نائب صدر ہیں اور 2009 سے مسلسل کئی بین الاقوامی باڈی بلڈنگ مقابلوں میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔