بینک آف پنجاب کوپی ایس ایکس پر ڈیبٹ سیکورٹیز کے مارکیٹ میکر کے طور تسلیم کر لیا گیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے بینک آف پنجاب کو پی ایس ایکس میں ڈیبٹ سیکورٹیز کے بطور مارکیٹ میکر بننے کو خیر مقدم کرنے لیے تقریب کا انعقاد کیا۔

اس سلسلے میں پی ایس ایکس ٹریڈنگ ہال میں گزشتہ روزپاکستان اسٹاک ایکسچینج اور بینک آف پنجاب کی درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے معاہدے کے تحت بینک آف پنجاب اسٹاک مارکیٹ کوروایتی اور شریعہ سے مطابقت رکھنے والے ڈیبٹ انسٹرومنٹس کے لیے بطور مارکیٹ میکر تسلیم کر لیا گیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ ایچ خان اور بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے معاہدے پر دستخط کیے۔

بینک آف پنجاب کے ٹریڑری اور ایف آئیز کے گروپ ہیڈ خاور انصاری اور دونوں اداروں کی اعلیٰ انتظامیہ کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بینک آف پنجاب جو پاکستان کا ایک نمایاں تجارتی بینک ہے اس معاہدے کے تحت پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر مارکیٹ میکر کے طور پر تسلیم کرلیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ہے جس کے ذریعے بینکوں کو ڈیبٹ سیکورٹیز میں مارکیٹ میکرز کے طور پر کام کرنے کے لیے اجازت دی گئی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے سی ای او فرخ خان نے کہاکہ میں ظفر مسعود اور بینک آف پنجاب کا پی ایس ایکس آمد پر خیر مقدم کرتا ہوں۔ یہ ان کی پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی ترقی کے عزم کی علامت ہے کہ بینک آف پنجاب پی ایس ایکس پر مارکیٹ میکر کے طور پر پہلا بینک بن گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چھڑاؤ، سونا پھر مہنگا اور ڈالر مستحکم

انہوں نے کہا کہ ہم اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ یہ ڈیبٹ مارکیٹ میں اضافی ترقی اور اسے مزید متحرک بنائے گی جو پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اشد ضروری ہے۔

ان کا مزید کہنا کہ ہمارے مالیاتی نظام کے تمام شراکت داروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ پاکستان کی ڈیبٹ مارکیٹ کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر لے جائیں اور ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدام اس مقصد کے حصول کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

بینک آف پنجاب سے اس کے چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری کلائنٹس کو جی ای ایم بورڈ پر لسٹنگ کے سلسلے میں بھی بات چیت جاری ہے۔ جوپاکستان کی معیشت، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری شعبے اور پی ایس ایکس کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

بینک آف پنجاب کے سی ای او ظفر مسعود نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ بینک آف پنجاب پی ایس ایکس پورٹل پر روایتی اور شریعہ مطابقت سیکورٹیز اور کارپوریٹ ڈیبٹ انسٹرومنٹس کی مارکیٹ میکنگ کا پہلا بینک ہوگا۔ اس کے تحت بینک آف پنجاب پی ایس ایکس کے تعاون سے پہلا پبلک سیکٹر بینک ہوگا جو مختلف خدمات پیش کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا ہم ڈیبٹ سیکورٹیز کے مارکیٹ میکر کے سے زیادہ اپنے کردار کو دیکھتے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت ہم پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی ترقی کے لیے اہم کردار کے طور پر اپنے عزم کا اظہار کرتے ہیں جس میں سرمایہ کاروں کی زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی اور پی ایس ایکس پر ڈیبٹ، ایکویٹی اور غیر روایتی انسٹرومنٹس کی زیادہ لسٹنگ ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ مستقبل میں اشتراک پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ہم پی ایس ایکس کے ساتھ نجکاری کے فروغ اور پبلک سیکٹر منصوبوں جیسے کہ پنجاب تھرمل پاور اور قائد اعظم سولر پاور کی لسٹنگ میں اشتراک کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، ہمارا کامیاب جوان پروگرام، ایس ایم ایس فنانسنگ منصوبہ اور کم لاگت کی ہاؤسنگ اسکیموں کو اسٹاک مارکیٹ کے پلیٹ فارم پر لانے کے لیے انسٹرومنٹس کی تیاری کا منصوبہ بھی ہے۔

بینک آف پنجاب کے کیپٹل مارکیٹ اور پاکستان کی معیشت میں کردار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بینک آف پنجاب پاکستان کے بڑے تجارتی بینکوں میں سے ایک ہے جس کی پورے پاکستان میں 624 برانچیں ہیں۔ آج بینک آف پنجاب بڑے بینکوں میں سے ایک ہے جو ایک ٹریلین سے زائد کے مالیاتی اثاثوں کا انتظام کر رہا ہے اور اس کا کیپٹل ایڈیکیسی تناسب 17.18 فیصد ہے۔

بینک سب سے زیادہ اور بڑا’سماجی ذمہ دار‘ بینک ہے جو اقتصادی اور سماجی ترقی کے لیے مختلف پروگراموں کے ذریعے حصہ ڈال رہا ہے۔ گزشتہ ایک سال میں سماجی تحفظ اور معاشی ترقی کے مختلف پروگراموں میں بینک آف پنجاب اپنے فعال کردار کے ذریعے سب سے نمایاں رہا۔

بینک اسٹیٹ بینک کی کورونا وائرس سے نمٹنے کی اسکیموں کے تحت قرضے فراہم کرنے میں سبقت لے رہا ہے تو اس کے ساتھ پاکستان میں ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے قرضے کی فراہمی کے فروغ، ایس ایم ای شعبے کی ترقی اور کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے کاروبار کے فروغ کے لیے بھی بڑھ چڑھ کر کام کر رہا ہے۔

بینک پاکستان کیپٹل مارکیٹس میں فعال کردار ادا کرنے کے مقصد کے حصول کے لیے کام کر رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینک آف پنجاب کو حکومت پاکستان کی ڈیبٹ سیکورٹیز کے لیے پرائمری ڈیلر کا درجہ دیا ہے۔

بینک حکومت پاکستان کی شریعہ مطابقت سیکورٹیز کا با اختیار ڈیلر بھی ہے۔اس معاہدے پر دستخط کے تحت بینک آف پنجاب کو مختلف ڈیبٹ سیکورٹیز جیسے کہ گورنمنٹ ڈیبٹ سیکورٹیز کی مارکیٹ میکنگ کی سرگرمیاں انجام دینے کا اختیار ہو گا۔

مارکیٹ میکرز سرمائے کی فراہمی اور مارکیٹ کو استحکام دینے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں جس میں سرمایہ کاروں کو سیکورٹیز کی خرید وفروخت کے لیے سہولت دینا ہے جو دو طریقوں سے ہوتا ہے جن میں بولی اور پیش کش دینا ہوتا ہے۔

Exit mobile version