
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)مالی سال 2021 کے لیے ایک اوراندارج کا اعلان کرتے ہوئے نہایت فخر محسوس کررہا ہے۔
پینتھر ٹائر لمیٹڈ کی کامیاب آئی پی او مالی سال 2021 میں اسٹاک ایکسچینج میں پانچویں فہرست سازی ہے جس کے لیے ایکسچینج میں گونگ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر پینتھر ٹائرز لمیٹڈ کے سی ای او میاں فیصل افتخار اور ایم ڈی پی ایس ایکس، مسٹر فرخ ایچ خان سمیت پی ایس ایکس اور پینتھر ٹائرز لمیٹڈ کی سینئر مینجمنٹ بھی موجود تھی۔اس کے علاوہ کنسلٹنٹ کے فرائض انجام دینے والے عارف حبیب لمیٹڈ کے سی ای او اور سینئر مینجمنٹ بھی تقریب کا حصہ تھے۔
پینتھر ٹائرز لمیٹڈ کے اجرا میں 40 ملین آرڈنری حصص شامل ہیں جس کے تحت بولی دہندگان کو بک بلڈنگ طریقہ کار کے ذریعے ”ایشو سائز“ کے 100 فیصد کے لیے بولی لگانے کی اجازت دی گئی تھی۔ تاہم کامیاب بولی دہندگان کو اجرا کیے گئے 75 فیصد حصص یا 30 ملین حصص عارضی طور پر الاٹ کیے گئے جبکہ باقی 25 فیصد، یعنی 10 ملین حصص، ریٹیل سرمایہ کاروں کو پیش کیے گئے تھے۔
یہ اجرا بک بلڈنگ مرحلے پر 47 روپے فی حصص( 10روپے فی حصص فیس ویلیو اور پریمیم 37 روپے فی حصص کی قیمت) کی فلور پرائس پر پیش کیا گیا جو 40فیصدپرائس بینڈ کے ساتھ فلور پرائس سے زیادہ ہے۔بڑی تعداد میں اداروں اور اعلی حیثیت کے حامل افراد کی جانب سے بولی میں حصہ لینے کے سبب بک بلڈنگ کا عمل انتہائی کامیاب رہا،جس کے تحت اس اجرا کو4.37 مرتبہ اوور سبسکرائب کیا گیا۔
اسٹرائک پرائس 65.80 روپے فی حصص پر بند ہوئی۔ خوردہ حصے کے لیے بھی عوام کی جانب سے زبردست ردعمل کا اظہار کیا گیا جس کے ساتھ ہی اس اجراکو 1.92 مرتبہ یا 9.196 ملین شیئرز کے حساب سے اوور سبسکرائب کیا گیا۔
پینتھر ٹائرز نے کمپنی کے توسیعی منصوبے کےلیے جزوی طور پر فنڈ حاصل کرنے کے لے اس اجرا کے ذریعے سرمایہ اکٹھا کیا ہے۔ اس توسیع میں ٹائر سیٹس اور ٹیوبس (پیکڈ) کی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مشینری کی درآمد بھی شامل ہے۔
پی ایس ایکس کے ایم ڈی، مسٹر فرخ خان کا پینتھر ٹائرز لمیٹڈ کی کامیاب فہرست سازی کے موقع پر کہنا تھا کہ” یقینا یہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے قابل فخر لمحہ ہے کہ ایک اور کمپنی نے کامیابی کے ساتھ اپنا آئی پی او مکمل کرلیا ہے اور اسکا اسٹاک ایکسچینج میںاسکا اندراج ہو گیاہے۔
میں پینتھر ٹائرز لمیٹڈ کو ان کی کامیاب بک بلڈنگ کے لیے مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے بڑی تعداد میں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور اعلیٰ حیثیت کے حامل افراد کو اپنی طرف متوجہ کیا ،جس کی وجہ سے اچھی قیمت کا حصول ممکن ہوسکا“۔
انھوں نے مزید کہا کہ ”پاکستان کے صنعتی منظر نامے میں پینتھر ٹائرز کا اہم حصہ ہے۔ہماری توجہ اس منظرنامے کی تزئین و آرائش اور اسے بڑھانے پر مرکوز ہے تاکہ پی ایس ایکس ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرسکے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج ہر اول دستے کے طور پر ایس ای سی پی اور کنسلٹنٹس کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے، تاکہ کمپنیوں کو اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے سرمایہ اکٹھا کرنے کی سہولت کی فراہمی اورانکی حوصلہ افزائی کی جاسکے جو نہ صرف سرمایہ کاروں اور دیگر مارکیٹ شرکا کے لیے بلکہ بحیثیت مجموعی پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بھی خوش آئند اور مثبت ہے“۔
اپنی کمپنی کی کامیاب فہرست سازی کے موقع پر پینتھر ٹائرز کے سی ای او میاں فیصل افتخار نے کہا کہ” مجھے خوشی ہے کہ پینتھر ٹائرز لمیٹڈ کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ میں اندراج ہو رہا ہے۔ یہ ہمارے لیے اعزاز اور باعث عزت ہے۔ بک بلڈنگ اور عام عوامی حص دونوں میںہونے والی اوور سبسکرپشن سرمایہ کاروں کا ہمارے اوپر اعتماد کا مظہر ہے جس کے لیے ہم تہہ دل سے ان کے مشکور ہیں۔
یہ آئی پی او ہماری توسیع کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں مددکرے گا اور ہمیں درآمدی ٹائرز اورٹیوبز پر اپنے ملک کا انحصار کم کرنے کے اپنے طویل مدتی مقصد کی سمت ایک قدم آگے بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوگا“۔
انھوں نے مزید کہاکہ ”میں پینتھر ٹائرذ اور اے ایچ ایل کی ٹیم کو یہ کارنامہ انجام دینے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آخر میں، میں ایس ای سی پی اور پی ایس ایکس کا ان کی حمایت اور رہنمائی کرنے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ ان کے بغیر یہ اجراممکن ہی نہیں ہوتا “۔
تقریب سے خطاب میں عارف حبیب لمیٹڈ کے سی ای او مسٹر شاہد علی حبیب نے کہا کہ ”مجھے خوشی ہے کہ پینتھر ٹائرزلمیٹڈ کے آئی پی او کو سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔ پینتھر کا پاکستان میں ٹائرز اور ٹیوبز کی صنعت کے بانیوں میں شمارہوتا ہے۔
کمپنی اس اجراکے ذریعے 2.6ارب روپے اکٹھا کرنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ بک بلڈنگ کے عمل می 4.4x کی زائد اوور سبسکرپشن ہوئی۔ اے ایچ ایل کو فخر ہے کہ اس نے بحیثیت لیڈ منیجر اور بک رنر کمپنی کے اس سفر کو آسان بنانے میں کردار ادا کیا اور ہم مزید کمپنیوں کے اندراج کے لیے بھی پرعزم ہیں۔