کراچی: نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی 3 روپے 35 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنیکی منظوری دیدی۔
فیصلہ اپریل 2019 تا مارچ 2020 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں کیا گیا۔ نیپرا نے فیصلہ نوٹیفیکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوادیا۔
نیپرا ذرائع کے مطابق فیصلہ معمول کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کیا گیا ہے جو کے الیکٹرک سمیت دیگر تقسیم کار کمپنیوں پر لاگو ہوگا، نیپرا کے مطابق اضافہ کا بوجھ صارفین پر نہیں پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپریل تا جون 2019 کیلئے بجلی 77 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری، جولائی تا ستمبر 2019 کیلئے بجلی ایک روپے 97 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔
جبکہ اکتوبر سے دسمبر 2019 کیلئے 2 پیسے فی یونٹ کمی کرنے اور جنوری تا مارچ 2020 کیلئے بجلی 61 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا بوجھ تقریباً 100 ارب روپے بنتا ہے، وفاقی حکومت کا اضافے کا بوجھ اٹھانے کیلئے سبسڈی دیئے جانے کا امکان ہے۔
کے الیکٹرک نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں درخواست کی تھی۔ نیپرا وفاقی حکومت اکتوبر 2020 میں کے الیکٹرک کیلئے بجلی 2.89 روپے فی یونٹ تک بڑھا چکی ہے، وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ بھی کے الیکٹرک کیلئے بجلی 1.95 روپے فی یونٹ مہنگی کی تھی۔