اسلام آباد:پاکستان میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں تین سے پانچ روپے فی لٹر اضافے کا خدشہ ہے۔
خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
کیونکہ سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں
عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تین ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ فیوچر کی قیمت میں 0.35 فیصد اضافے کے ساتھ 77.32 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ چکی ہے۔
یہ مسلسل تیسری بار ہفتہ وار اضافہ ہے،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی قیمتوں میں اضافے کی سمری
اس حوالے سےآئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کی گئی ہے، جس پر حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزارتِ خزانہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت کی جانب سے یکم جنوری کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، پیٹرول کی قیمت 0.56 جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2.96 روپے بڑھی تھی۔
تازہ ترین اپڈیٹس کے لیے ڈے نیوز کو گوگل نیوز، انسٹاگرام، یوٹیوب، فیس بک، واٹس ایپ اور ٹک ٹاک پر فالو کریں۔