
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستانی فوج کے سربراہ سے وائٹ ہاؤس میں اہم ظہرانہ ملاقات:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ایک اہم
ظہرانے پر ملاقات کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق،
یہ ملاقات بدھ کے روز دوپہر ایک بجے کیبنٹ روم میں ہوگی، اور اس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے علاوہ
ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک، ڈی جی ملٹری آپریشن اور پاکستانی سفیر بھی شامل
ہوں گے۔ امریکی صدر کے ساتھ ان کے وزارتی ارکان بھی اس ظہرانے میں شریک ہوں گے۔
اس ملاقات کو ایک غیرمتوقع سفارتی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ یہ سرکاری سطح پر ایک
اہم اور باضابطہ ملاقات ہے جسے میڈیا سے دور رکھا جائے گا۔ اسلام آباد میں اسے ایک بڑی
سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر جب کہ حال ہی میں بھارتی وفد نے
امریکی نائب صدر جین ڈی ونس سے ملاقات کی تھی،
جسے بھارتی میڈیا نے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ اس کے برعکس، پاکستان کے وفد کو ایسی کسی
اعلیٰ سطحی ملاقات کا بندوبست کرنے میں کامیابی نہیں ہوئی تھی۔
اب فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں موجودگی کو پاکستان کے لیے ایک مثبت اور سفارتی
جیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،
اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ ملاقات بھارت کے بیانیے کو جواب دینے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اس وقت پانچ روزہ سرکاری دورے پر امریکہ میں ہیں۔