
فلائی ایڈل نے اسلام آباد اور پشاور کے لیے باقاعدہ پروازوں کا آغاز کر دیا!
سعودی عرب کی سستی ایئرلائن فلائی ایڈل نے پاکستان میں اپنی باقاعدہ پروازیں شروع کر دی ہیں،
جن کا آغاز اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹس پر پہلی پرواز کی آمد سے ہوا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق،
پشاور میں پیر کے روز ایئرلائن کی پہلی پرواز کا استقبال خصوصی کیک کاٹنے کی تقریب کے ساتھ کیا گیا،
جو منزیس آر اے ایس نے سی آئی پی لاؤنج کے سامنے منعقد کی۔
فلائی ایڈل کی افتتاحی پرواز FAD 651/652 نے 24 اگست 2025 کو اسلام آباد کا رخ کیا۔
ریاض سے آنے والی یہ پرواز اپنے مقررہ وقت سے پہلے صبح 06:08 بجے پہنچی،
جس میں 65 مسافر سوار تھے، جبکہ واپسی پر یہ پرواز صبح 07:33 بجے 172 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔
فلائی ایڈل ہر اتوار کو ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار پروازیں چلائے گی۔
پی اے اے نے ایئرلائن کے پاکستان میں داخلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے بلکہ مسافروں کے لیے سہولت میں بھی اضافہ ہوگا۔
یاد رہے کہ فلائی ایڈل نے رواں سال فروری میں کراچی سے اپنی سروس کا آغاز کیا تھا اور
جدہ و ریاض سے کراچی کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔