
کراچی: وفاقی وزارت پیٹرولیم نے ایک مرتبہ پھر پیٹرول مہنگا کردیا، رواں ماہ ستمبر میں پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریبا 10 سے زائد کا اضافہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے سے زائد کے اضافے کی تجویز دی گئی، جس پر وزیر اعظم نے اضافے کہ سمری کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت پیٹرولیم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 4 روپے مہنگا،ہائی اسپیڈ ڈيزل کی قیمت میں 2 روپے اضافہ، مٹى کا تیل 7 روپے 5 پیسے اور لائٹ ڈيزل 8 روپے 82 پیسے مہنگا کردیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد پیٹرول 127 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے جس کا اطلاق رات 12 بجے کردیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے عوام پر مسلسل مہنگائی کا بوجھ ڈالے جانے پر عوام نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتیں اب ہمیں ایماندار نظر آتی ہیں جبکہ موجودہ حکومت نے عوام کا جینا عذاب کردیا ہے۔
عوام حکومت کے اس اقدام کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران خود عیاشیاں کررہے ہیں اور امیروں کی جیبیں بھری جارہی ہیں جبکہ غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے والی حکومت عوام سے انتقال لے رہی ہے۔