کراچی: کراچی کے شہریوں کے لیے خوشخبری، حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے موسم گرما میں ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
شہریوں کو یہ ریلیف مارچ، اپریل اور مئی کے بلوں میں فراہم کیا جائے گا، فیول ایڈجسٹمنٹ نوٹیفکیشن کے بعد کراچی کے صارفین کو مجموعی طور پر 2 ارب 35 کروڑ 50 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔
نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی 2019 سے مئی 2020 کراچی کے بجلی صارفین کیلئے قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ 1.2 روپے اضافے اور 2.13 روپے کمی کی گئی ہے۔
جولائی 2019 سے مئی 2020 کے دوران 6ماہ بجلی مہنگی اور 5ماہ کیلئے سستی کی گئی ، جبکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کا فی یونٹ امپیکٹ صارفین کیلئے مجموعی طور پر بجلی کی قیمتوں میں کمی کا باعث بنے گا۔
یہ نیٹ امپیکٹ صارفین کی بجلی کے مجوزہ دورانیے میں استعمال پر منحصر ہے۔یہ ریلیف عوام کو مارچ، اپریل اور مئی گے بلوں میں فراہم کیا جائے گا، جبکہ زرعی اور 300 یونٹس سے کم بل والے صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جن مہینوں میں اضافہ کیا گیا ان میں جولائی 2019 کے دوران 2 ارب 25 کروڑ روپے، اگست 2019 میں 1 ارب 27 کروڑ، ستمبر میں 54 کروڑ، اکتوبر میں 17 کروڑ، جنوری 2020 میں 91 کروڑ، فروری 2020 میں 53 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔
دوسری جانب نوٹیفکیشن میں جن مہینوں میں کمی کی گئی ان میں نومبر 2019 میں 2 ارب 68 کروڑ روپے، دسمبر 2019 میں 1 ارب 78 کروڑ روپے، مارچ 2020 میں 50 لاکھ روپے، اپریل 2020 میں 1ارب 11 کروڑ روپے اور مئی 2020 میں 2 ارب 47 کروڑ روپے کی کمی کی گئی۔
مزید برآں بجلی ریلیف کا فیصلہ کے الیکٹرک کی پرایس ایڈجسٹمنٹ کی درخواستوں پر کیا گیا ہے۔