
کراچی: معروف فن ٹیک (FinTech) حساب کتاب(Hysab Kytab) نے عسکری بینک کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یہ معاہدہ عسکری بینک کے انٹرنیٹ اور موبائل بینکنگ اَیپ صارفین کو اپنے مالیاتی معاملات کا اجمالی جائزہ لینے کے ساتھ درست مالیاتی فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
حساب کتاب کا پرسنل فنڈ مینجمنٹ (پی ایف ایم) عسکری بینک کے صارفین کو اُن کے روزمرہ کے اخراجات کی نشاندہی کرنے، اُس کا ریکارڈ رکھنے، بجٹ پلان بنانے اور بچت کے طریقے بتائے گا۔
بینکوں کے لیے پی ایم ایف کیوں ضروری ہے؟ اس پر اظہار خیال کرتے ہوئے جعفر بزنس سسٹمز (جے بی ایس) کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) و ڈائریکٹر اور حساب کتاب کے بانی وقار الاسلام نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ فن ٹیک اور بینکوں کے درمیان شراکت داری صارفین کو جامع حل کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
عسکری بینک کے ساتھ اس تعاون سے ڈیجیٹل مالیاتی آگاہی پھیلانے اور بینکنگ صارفین کو ڈیجیٹل بینکنگ کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
اس اشتراک پر تبصرہ کرتے ہوئے حساب کتاب کے سربراہ یاسر الیاس نے کہا کہ یہ تعاون ایک اہم سنگ میل ہے۔ ہم حساب کتاب کے پرسنل فنانس مینجمنٹ پر اعتماد کرنے اور اُسے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے منتخب کرنے پر عسکری بینک کے شکر گزار ہے۔
مقامی بینکوں کے اس قسم کے تعاون سے پاکستان کی فن ٹیک انڈسٹری کو ترقی دینے اور مقامی ضروریات کا حل فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
عسکری بینک کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) خورشید ظفر نے کہا کہ عسکری بینک نے ہمیشہ اپنے صارفین کو جدید ترین ڈیجیٹل سلوشنز فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ حساب کتاب کے ساتھ ہماری شراکت داری اس مقصد کو حاصل کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔
ہم اپنے صارفین کو ایک ایسے ڈیجیٹل ٹول سے آراستہ کررہے ہیں، جو انہیں اُن کے اخراجات کی مؤثر طریقے سے نشاندہی کرے گا۔ مجھے یقین ہے کہ اس شراکت داری سے ہمیں اپنے ڈیجیٹلائزیشن مقصد کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
عسکری بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر شہریار علی شاہ نے کہا کہ ہم حساب کتاب کے ساتھ شراکت داری پر بہت پُرجوش ہیں، کیونکہ یہ بہترین ڈیجیٹل بینک بننے کے ہمارے اسٹریٹجک وژن کے عین مطابق ہے۔
یہ ٹیکنالوجی ڈیجیٹل اور سیلف سروس چینلز کا استعمال بڑھانے میں مدد دے گی اور صارفین کو عسکری بینک کے ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے بے مثال موبائل بینکنگ ٹیکنالوجی کا تجربہ فراہم کرے گی۔