
حیدر آباد: وزارت خزانہ ،پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور حیدر آباد انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔
معاہدے کے تحت حیدر آباد انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قیام اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ جبکہ وفاقی وزیر امین الحق نے وزارت آئی کی جانب سے 500 سے زائد نوجوان پیشہ وارانہ تربیت مفت دینے کا ںھی اعلان کیا۔

یادداشت پر سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ایم ڈی عثمان ناصر اور انسٹیٹوٹ کے چیئرمین کرنل خالد خان نے کیئے. اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں پاشا کی صدر جہاں آرا ، ممبر آئی ٹی سید جنید امام اور ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی صابر قائم خانی بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی پارک کے قیام سے حیدرآباد کے ہنر مندوں کو ایک مؤثر پلیٹ فارم میسر آجائے گا. جلد ہی نوابشاہ, لاڑکانہ, سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں ٹیکنالوجی پارک کا قیام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست سے بالاتر صرف عوام کی خدمت کیلئے وزارت کی جانب سے اربوں روپے کے منصوبے سندھ کیلئے بنائے ہیں.
اس سلسلے میں شہید بے نظیر آباد, نوشہرو فیروز میں آپٹیکل فائبر پر 2 ارب 10 کروڑ خرچ کریں گے.
امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ سکھر, خیرپور, گھوٹکی, کشمور کیلئے گذشتہ ماہ 3 ارب کی لاگت سے آپٹیکل فائبر کے منصوبے شروع کیئے۔ تاہم حیدرآباد خصوصا سندھ کے عوام کی خدمات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔