
کراچی: ایم کیوایم پاکستان ، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے مل کر سینٹ کے انتخابات لڑیں گے۔ تینوں پارٹیاں متحد ہیں ، اگر زبردستی کی گئی تو ایم کیوایم کو اس کا جواب دینا آتا ہے۔
ہم صوبے کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں لیکن قائم علی شاہ سے لے کر مراد علی شاہ تک سب تنگ نظر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے مقامی ہوٹل میں آئی ٹی کے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سید امین الحق نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں حکومتی اتحادی جماعتیں سندھ سے 5سیٹیں جیتیں گی ، اتحادی جماعتوں کے پاس صوبہ سندھ میں سینٹ کی سیٹوں کیلئے اراکین کی اکثریت موجود ہے۔
ایم کیوایم پاکستان تحریک انصاف کی سب سے بڑی اتحادی جماعت ہے اور ہم ہر حال میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں سینٹ کے امیدوار اور سابقہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایم کیوایم سے رابطہ کیا تھا کہ وہ دفتر آنا چاہتے ہیں تو ہم نے کہا کہ ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ، تاہم ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور ان ہی کے ساتھ مل کر سینٹ کا انتخاب لڑیں گے۔
امین الحق نے مزید کہا کہ ہم صوبے اور ملک کی عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں لیکن پیپلزپارٹی کی حکومت شہری سندھ کو سہولیات سے محروم رکھنا چاہتی ہے۔
تین ماہ قبل ہم نے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی تھی کہ سندھ کے مختلف اضلاع لاڑکانہ، بدین، نواب شاہ سمیت دیگر میں کوئی پرانی کھنڈر جگہ بھی ہوتو وہ ہم کو دے دیں ہم اس کو آئی ٹی پارک میں تبدیل کردیں گے لیکن انہوں نے آج تک اس کا جواب نہیں دیا۔
سندھ میں بزنس فرینڈلی ماحول نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے مختلف کمپنیاں پنجاب اور کے پی کے منتقل ہورہی ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام امین الحق نے مزید کہا کہ ہم ڈویلپمنٹ کے معاملات میں کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتے لیکن صوبائی حکومت کی تنگ نظری کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے۔