
کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی بنوا کر سروسز حاصل کرنے پر ایکشن کا آغاز کردیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے صوبے بھر کے تمام کمشنرز کو حکمنامہ جاری کردیا گیا ہے۔
تمام کمشنرز اپنی حدود کے مطابق سندھ میں جعلی ڈومیسائل/پی آر سی کی بنیاد پر (PAAS, PAS, OMG) گروپس کے افسران کی تعیناتیوں کی تصدیق کرینگے کہ ان کا ڈومیسائل اور پی آر سی کہاں کا ہے۔
حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ مختلف جگہوں سے یہ شکایات موصول ہوئی ہیں کہ دیگر صوبوں سے آئے لوگوں نے سندھ کوٹہ پر ملازمتیں حاصل کی ہیں۔
اس سلسلے میں سندھ کے شہری و دیہی علاقہ جات سے مبینہ طور پر ڈومیسائل اور پی آر سی بنوائے گئے ہیں۔
اس حوالے سے جاری حکمنامے میں کچھ افسران کے نام بھی درج کئے گئے ہیں جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ان مختلف ایڈمنسٹریٹیو سروسز کے ڈومیسائل اور پی آر سی کی تصدیق کر کے فوری طور پر رپورٹ پیش کی جائے۔
سندھ کے کمشنرز کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کریں کہ وہ اس سلسلے میں رپورٹ مرتب کر کے متعلقہ کمشنرز کو پیش کریں۔
جبکہ دوسری جانب اس حوالے سے تمام کمشنرز اپنے اضلاع سے متعلق اپنے تاثرات کے ساتھ رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کو پیش کریں۔