23 مارچ کی مناسبت تحریک پاکستان کے حوالے سے کوئز مقابلے منعقد
کراچی: پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ نے یومِ پاکستان کے موقع پر کوئز کے دو مقابلوں کا انعقاد کیا۔
پہلامقابلہ” آئی سی ایم اے "پاکستان کراچی برانچ کونسل کے زیراہتمام منعقد ہوا جس میں "آئی سی ایم اے” کے طلباء نے شرکت کی۔
پروگرام میں تحریک پاکستان کے حوالے سے سوالات پوچھے گئے ،دلچسپ مقابلے کے بعد محمد امین اور عثمان کھتری کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ شاہد مجید بھٹی اور محمد حمزہ کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔
مہمان خصوصی آئی سی ایم اے پاکستان کے شہام احمد اور پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے قائم مقام چئیرمین اور کوئز ماسٹر سید جاوید رضا نقوی اور سوسائٹی کے صدر واجد رضا اصفہانی نے کامیاب شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔
مقابلے میں ججز کے فرائض پروفیسر منور قریشی، پروفیسر ایاز رضا ترمذی اور سعید احمد سعید نے انجام دیے۔اس موقع پر سوسائٹی کے ذمہ داران سیکریٹری بکر مجیب الہاشمی، نائب صدور تحسین فاطمہ، عظیم صدیقی ، جوائنٹ سیکریٹری عارف سومرو اور ممبر ایگزیکٹیو کونسل راشد قریشی بھی موجود تھے۔
یومِ پاکستان کے مناسبت سے پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل نے دوسرا پروگرام بہادر یار جنگ اکیڈمی کے اشتراک سے منعقد کیا، جس میں 24 ٹیموں نے شرکت کی،سخت مقابلے کے بعد پہلا انعام سر آدم جی انسٹی ٹیوٹ کی صبا ہاشم اور یمنا ندیم نے حاصل کیا۔
گورنمنٹ نیشنل کالج مارننگ کے محمد نبیل اور ہاشم علی نے دوسری جبکہ شیخ زائد اسلامک انسٹی ٹیوٹ کی لائبا شاہد اور اریبہ شاہد نے تیسری پوزیشن حاصل کی،پروگرام میں نظامت کے فرائض سوسائٹی کے سیکریٹری بکر مجیب الہاشمی نے انجام دیے۔
جبکہ ججز کے فرائض سوسائٹی کے قائم مقام چئیرمین جاوید رضا اور پروفیسر ایاز رضا ترمذی نے انجام دیے،کامیاب طلباء میں انعامات پروگرام کے صدر اور قائد اعظم اکیڈمی کے سابق ڈائریکٹر خواجہ رضی حیدر اور مہمان خصوصی ماہر تعلیم انیس زیدی اور کوئز سوسائٹی کی جانب سے جاوید رضا نے تقسیم کیے۔
اس موقع پر بہادر یار جنگ اکیڈمی کے معتمد اعزازی سید صبیح الدین حسینی ،نائب صدر میر حسین علی امام اور پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے صدر واجد رضا اصفہانی، نائب صدر تحسین فاطمہ ، جوائنٹ سیکریٹری عارف سومرو اور ممبر ایگزیکٹیو کونسل راشد قریشی بھی موجود تھے۔