چودہویں عالمی "اردو کانفرنس” 9 تا 12دسمبر آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ نے کہا ہے کہ چودہویں عالمی اردو کانفرنس جمعرات 9 دسمبر 2021 تین بجے دوپہر کو آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی۔
عالمی اردو کانفرنس کا افتتاح وزیر اعلی سندھ کریں گے چار روزہ کانفرنس میں 50 سے زیادہ سیشنز ہوں گے جس میں دنیائے اردو کے عالم اپنے موضوع پر علمی گفتگو کریں گے۔ پہلے روز شام چھ بجے شام فیض اور موسیقی کا پروگرام منعقد ہو گا۔
اس کا اعلان انہوں نے جمعہ کو آرٹس کونسل میں اسپانسرز اردو کانفرنس بینک آف پنجاب، سلام تکافل اور آئی ٹیکنالوجی کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کلچر سندھ علیم لاشاری، سی ای اُو سلام تکافل رضوان حسین اور سی ای اُو آئی ٹیکنالوجی سلمان حسین بھی موجود تھے۔
احمد شاہ نے کہا کہ اس سال پاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ ہے اس لیے اس کانفرس کو اس سے منسوب کیا گیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ مختلف صوبوں کی زبانیں اور کلچر کو ترقی دیں۔دنیا ئے ادب کے بڑے دانشوروں کو اس کانفرس میں مدعو کیا گیا ہے۔
جو نہ آ سکے وہ ڈیجیٹل سسٹم پر ہمارے ساتھ شامل ہوں گے انہوں نے کہا کہ اردو کانفرنس اب روایت بن چکی ہے سب سے پہلے آرٹس کونسل نے شروع کی تھی اب مختلف مقامات پر منعقد ہو رہی ہے۔
ایسی کانفرنسز کلچر اور زبان زندہ رکھنے کے لئے ضروری ہوتی ہیں جو دراصل قوموں کی زندگی ہے ۔انہوں نے کہا کووڈ کے باوجود کانفرنس وقت پر منعقد ہو گی۔ ہم نے گزشتہ سال بھی منعقد کی تھی کراچی کے عوام کو اس کانفرس کا شدت سے انتظار ہوتا ہے۔
9 دسمبر سے 12 دسمبر تک اہل ذوق کو آرٹس کونسل میں خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے دوسرے روز اردو ناول کی عصری صورت حال، تقدیسی ادب کی صورت حال، بچوں کا ادب اور نئی دنیا، تراجم کی صورت حال، کتابوں کی رونمائی، اقبال اور عصر حاضر، ساحر لدھیانوی، سو برس، اردو اور میڈیا کا دور جواں، شیخ ایاز، کامران خان کی گفتگو، سرائیکی زبان و ادب، ہم سب امید سے ہیں۔
ابن انشا اور عالمی مشاعرہ۔ تیسرے دن اردو افسانے کا منظرنامہ، اردو نظم کے صورت و معنی،کتاب جائزہ تقریب، یادرفتگاں، کتابوں کی رونمائی، تعلیم کے پچھتر سال، پاکستان کا سماجی و ثقافتی منظرنامہ، پنجابی زبان و ادب، ادا جعفری کی یاد میں، کتاب کی رونمائی، مشتاق احمد یوسفی، بلوچی ادب کے پچھتر سال، ہمارے فنون کی صورت حال، عالمی مشاعرہ۔ چوتھے دن اردو تنقید معاصر منظرنامہ، اردو غزل نئی تشکیلات، پاکستانی معیشت کے پچھتر سال اور عصری ایجنڈا پر روشنی ڈالی جائے گی۔
یارک شائر ادبی ایوارڈ، تقریب اجرائ پختون زبان و ادب، تقریب اجرائ عورت اور پاکستانی سماج، کتابوں کی رونمائی، عارفہ سیدہ زہرہ ، سندھی ادب و سماج کے پچھتر سال، پاکستانی صحافت کا جائزہ، خواجہ معین الدین کی یاد میں، میں اور پاکستان، اختتامی اجلاس، ناہید صدیقی کلاسیکل رقص پیش کریں گی، قوالی کے پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔
پریس کانفرنس سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اردو کانفرنس کے اسپانسر، سی ای اُو سلام تکافل رضوان حسین نے کہا کہ جب تک پرائیوٹ سیکٹر ثقافت کے فروغ کے لئے آگے نہیں آئے گا تب تک ترقی ممکن نہیں، سی ای اُو آئی ٹیکنالوجی سلمان حسین نے کہا کہ چودہویں عالمی اردو کانفرنس کا حصہ بننے پر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
ڈی جی کلچر علیم لاشاری نے کہا کہ محکمہ ثقافت ہمیشہ آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لئے پیش پیش رہتا ہے ، آرٹس کونسل کلچر کا بڑا ادارہ ہے، سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے کہا کہ عالمی اردو کانفرنس کی کامیابی میں میڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے ، میںتمام میڈیا، کلچر منسٹری اور تمام اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔