محکمہ ثقافت سندھ کا لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کا علاج کروانے کا اعلان

کراچی: وزیر ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ نے معروف کامیڈین عمر شریف کے علاج کے تمام اخراجات اٹھانے کا بیڑا اٹھالیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز معروف کامیڈین عمر شریف کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سندھ کے وزیر ثقافت نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے عمر شریف کے بیرون ملک علاج کے تمام تر انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر سردار شاہ نے معروف کامیڈین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف ہمارا قومی اثاثہ ہیں, انکی ببماری کا سن کر افسردہ ہیں، وہ جہاں چاہیں محکمہ ثقافت ان کا علاج کروائے گا.
محکمہ ثقافت سندھ پہلے بھی عمر شریف کے ساتھ تھا اور اب بھی ہے۔ عمر شریف اپنی مثال آپ ہیں اور کامیڈی میں وہ خود میں ایک ادارے کی مثل ہیں۔
وزیر ثقافت سندھ سردار شاہ نے مزید کہا کہ ہماری نیک خواہشات عمر شریف کے ساتھ ہیں امید ہے کہ وہ جلد ہی صحت یاب ہوجائیں گے.
یاد رہے گزشتہ روز عمر شریف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کے بیرون علاج کے لیے ان کی مدد کی جائے۔
عمر شریف نے ویڈیو میں کہا تھا کہ شوکت خانم اسپتال کے سلسلے میں وہ ہمیشہ عمران خان کے ساتھ تھے اور آج انہیں وزیر اعظم کے ساتھ کی ضرورت ہے۔