
کراچی: کے الیکٹرک نے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے صارفین کے لیے واٹس ایپ سروس کا آغاز کردیا ہے۔
جس کے بعد کے الیکٹرک شہر قائد اور اس کے ملحقہ رہائشی علاقوں میں واٹس ایپ سروس شروع کرنے والی پہلی پاور کمپنی بن گئی ہے۔
کے ای کی یہ 24/7 سروس صارفین کو بروقت جوابات کی فراہمی کے ساتھ ان کے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے بھی بچائے گی۔ مکمل خودکار سروس کا استعمال تکنیکی یا بلنگ کی شکایات درج کروانے، ڈپلیکیٹ بلوں کے ساتھ ساتھ انکم ٹیکس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے اور نئے کنکشن کے لیے فارم ڈاو?ن لوڈ کرنے کے لیے ضروری دستاویزات کی چیک لسٹ کے لیے کیا جاسکتا ہے۔
کووڈ 19 کی آمد سے دنیا میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، جس کے باعث ادائیگیوں اور ای کامرس لین دین کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل بینکنگ سمیت متبادل ڈیلیوری چینلز (ADC) میں زبردست تبدیلی آئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2020 کے دوران موبائل فون کی خریداری میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے اور پاکستان میں تقریباً 77 فیصد یوٹیلیٹی بل آن لائن ادا کیے جا رہے ہیں۔
مالی سال 2020-21 میں کے الیکٹرک نے متبادل ڈیلیوری چینلز کے استعمال میں اضافے کو نوٹ کیا اور اے ڈی سی کے ذریعے تقریبا 4.7 ارب روپے کے بل ادا کیے گئے۔
واٹس ایپ دنیا میں مین اسٹریم کمیونی کیشن ٹول بن بن گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین سے رابطہ قائم کرنے میں کافی آسانی ہوگئی ہے۔
کے الیکٹرک واٹس ایپ سروس کمیونی کیشن ٹیکنالوجی میں عالمی لیڈر Infobip کے تعاون سے شروع کی ہے، جس کے لیے دونوں اداروں نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر جولائی 2021 میں دستخط کیا تھا۔
واٹس ایپ سروس کے حوالے سے کے الیکٹرک کی چیف مارکیٹنگ، کمیونی کیشن اور کسٹمر ایکسپیرینس آفیسر سعدیہ دادا نے کہا کہ وبائی مرض کے بعد دنیا میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے خاص طور پر ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔
ہم اپنے صارفین کی سہولت کو ترجیح دیتے ہیں اور انہیں ایسی خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں جس کے ذریعے وہ اپنی شکایات یا سوالات کے لیے کے ای کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا استعمال کریں۔
کے الیکٹرک کی کوشش رہتی ہے کہ اپنے صارفین سے روابط رکھنے کے لیے نئے نئے طریقے ڈھونڈیں، اسی سلسلے میں ہم اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو مزید جدید بنارہے ہیں تاکہ ہمارے صارفین کو بہتر، آسان اور زیادہ دلچسپ تجربہ حاصل ہو۔
کے الیکٹرک کسٹمر ایکسپیرینس کے سربراہ رضا عباس نے واٹس ایپ سروس کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کی مدد سے صارفین کو خدمات فراہم کرنے پر فخر ہے۔
واٹس ایپ دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپ ہے اور بہت سے کاروباری ادارے اسے اپنی کسٹمر مصروفیت کی حکمت عملی میں شامل کررہے ہیں۔ یہ اضافہ صارفین کے ساتھ ہمارا رابطہ مضبوط بنائے گا اور وہ دنیا میں کسی بھی جگہ سے باآسانی ہم سے رابطہ کرسکیں گے۔
انفو بپ کے کنٹری جنرل منیجر صفدر مرچنٹ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن راتوں رات ہماری ضرورت بن گئی ہے، کسٹمرز سروس کمپنیوں کا نئی جدت سے ہم آہنگ ہونا وقت کی ضرورت ہے۔
ہمیں کے ای کے ساتھ معاہدہ پر فخر ہے، جس نے اپنے صارفین کی کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے واٹس ایپ سروس شروع کردی ہے۔
واٹس ایپ سروس کے ذریعے کے الیکٹرک سے رابطہ قائم کرنا اتنا ہی آسان ہے جتنا کسی دوست کو ہیلو کہنا۔ صارفین کو اپنے موبائل فون سے 92-348-0000118 + پر واٹس ایپ میسیج کرنا ہوگا، جس کے بعد صارف سے اُس کا 13ہندسوں والا کے ای اکاؤنٹ نمبر پوچھا جائے گا۔
اکاؤنٹ نمبر کی فراہمی کے کسٹمر سسٹم میں رجسٹرڈ ہوجائے گی۔ کے الیکٹرک کی یہ سروس مفت ہے، تاہم ٹیلی کمیونی کیشن کمپنیوں کی جانب سے موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا چارجز وصول کیا جاسکتا ہے۔
کے الیکٹرک کی24/7 واٹس ایپ سروس صارفین کے لیے موجودہ سروسز میں ایک اور اضافہ ہے، جس میں کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119، کے ای لائیو ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم شامل ہیں۔