
وسیم اکرم پر آن لائن جوئے کی تشہیر کا الزام، مقدمہ درج!
سابق پاکستانی کرکٹر اور معروف بولر وسیم اکرم کو ایک نئی مشکل کا سامنا ہے،
کیونکہ ان پر آن لائن جوئے کے پلیٹ فارم کی تشہیر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں ایک شہری نے
ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے درخواست جمع کروائی ہے۔ درخواست گزار محمد فیاض کے مطابق،
وسیم اکرم نے بھارتی بیٹنگ کمپنی ’باجی‘ کے ساتھ برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر معاہدہ کیا ہے،
جو ایک آن لائن جوا پلیٹ فارم ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک پوسٹر اور ویڈیو کلپ میں
وسیم اکرم کو اس پلیٹ فارم کی تشہیر کرتے اور لوگوں کو اس میں شامل ہونے کی ترغیب دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ سابق کرکٹر نے یہ اشتہار اس پلیٹ فارم سے منسلک ہوکر پاکستان میں
جوا کھیلنے اور اس کو فروغ دینے کے لیے کیا ہے، جو کہ قانون کے مطابق ممنوع اور غیر قانونی ہے۔
اس معاملے میں شکایت کنندہ نے وسیم اکرم کے خلاف 2016 کے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔