
لاہور: مینار پاکستان پر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد باکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ تابعدار خان نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے اب اس کو کو جانا ہوگا.
مریم نواز نے لاہورمیں پی ڈی ایم کے پاور شو کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہوریوں نے عوام دشمن حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے، جعلی تبدیلی کا آغاز مینار پاکستان سے ہوا تھا اور آج اس تبدیلی کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے.
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اتنی سردی کے باوجود لوگوں کے جلسے میں آنے پر انہیں سلام پیش کرتی ہوں جبکہ جلسے کے منتظمین سے معلوم ہوا کہ ہزاروں کرسیاں لگی ہیں۔ لوگ اتنے زیادہ ہیں کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ کرسیاں کدھر چلی گئی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کون کہتا تھا کہ کرسیاں دینے والوں کے خلاف مقدمات درج ہونگے۔ کون فرعون کے لہجے میں کہتا تھا کہ مینار پاکستان کو بھر کے دکھائے۔ تم اپنی کرسیاں اپنے پاس ہی رکھو، جس نے آکر دیکھنا ہے دیکھ لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چاروں صوبوں کو متحد کرے گا، زندہ دلان لاہور نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بھائیوں کو خوش آمدید کہا ہے اورآج لاہورسگے بھائی کا کردار ادا کررہا ہے۔ مینار پاکستان کے اطراف تمام سڑکیں بھی بھرچکی ہیں۔ ہزاروں لوگ پنڈال میں داخل نہیں ہوسکے، آج لاہوریوں نے مینار پاکستان کے سائے میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین سال تک این آر او نہ دینے کی گردان کرنے والے تابعدار خان آج خود این آر او مانگ رہا ہے لیکن اب نواز شریف روٹی چوری کرنے والے اور عوام کی ترقی چھیننے والے کو این آراو نہیں دے گا۔
تاہم مسلم لیگ کی رہنما مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیا کی آزاد اورعوام کا روزگار کورنٹین ہوگیا ہے جبکہ پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا، اساتذہ، لیڈی ہیلتھ ورکر، سرکاری ملازمین احتجاج کررہے ہیں، مہنگائی کے باعث عوام بلک رہے ہیں اور تابعدار خان کو عوام کی نہیں صرف اپنی نوکری کی فکر ہے۔