کراچی: انڈس موٹر کمپنی (IMC) نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی)کی مسلسل پابندیوں اور پورٹ قاسم، کراچی پر اس کے پلانٹ کے بند ہونے کے باعث، اپنی افرادی قوت کو نوکریوں سے فارغ نہیں کرے گی۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو علی اصغر جمالی نے کہاہے کہ پاکستان معاشی اور سیاسی دونوں محاذ پر اس وقت ایک دوراہے پر ہے جبکہ اسٹیٹ بینک کی ایل سی کی پابندیاں بلا تعطل جاری ہیں جس نے ہماری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ سے پیداوار وقفے وقفے سے رک رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ اور اب تک ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ ماضی میں بھی ہم نے کسی بھی مشکل صورتحال میں ان کی فلاح و بہبودکو اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھاہے۔
سی ای او انڈس موٹر کمپنی اصغر جمالی نے مزید کہاکہ ان مشکل وقتوں کے باوجود اور ٹویوٹا کی ثابت قدمی کی میراث کی پیروی کرتے ہوئے، ہم امید اور بلندحوصلے سے کھڑے ہیں۔ ان شاء اللہ یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا۔