کراچی: بینک دولت پاکستان نے ’’برابری پر بینکاری‘‘ کے عنوان سے ایک مسودہ پالیسی تشکیل دی ہے جس کا مقصد ہدفی اقدامات کے ذریعے مالی شعبے میں ایک صنفی نقطہ نظر متعارف کرانا ہے تاکہ پاکستان میں کاروباری طور طریقے خواتین کے لیےزیادہ سازگار ہوں اور ان کی مالی شمولیت میں نمایاں اضافہ کیا جاسکے۔
یہ پالیسی اس وقت عوامی مشاورت کے مرحلے میں ہے اور توقع ہے کہ جلد نافذ کردی جائے گی۔ اسٹیٹ بینک نے،گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر اور ڈپٹی گورنر سیما کامل کی قیادت میں حکومت، مالی اداروں، ضابطہ کار اداروں، تعلیمی اداروں، کاروباری فیڈریشنز، صنفی پالیسی کے ماہرین، سول سوسائٹی اور تاجر خواتین سمیت مختلف کلیدی فریقوں کے ساتھ کئی فوکس گروپ مذاکرات کیے ہیں۔
اس کاوش کے سلسلے میں عالمی بینک منگل 23 فروری 2021ء کو پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے ’’اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی صنفی مالی شمولیت کی پالیسی—برابری پر بینکاری پر مشاورتی مکالمہ‘‘ کے عنوان سے ایک ویب نار کی میزبانی کررہا ہے۔ اس ویب نار میں صنفی پالیسیوں کے حوالے سے عالمی تجربات سے آگاہ کیا جائے گا جس سے یہ معلوم ہوگا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے تناظر میں یہ پالیسیوں کیونکر مؤثر طور پر کام کرسکتی ہیں۔
ویب نار کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر ایک اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی پینل ڈسکشن کی میزبانی کریں گے۔ ان کے ہمراہ محترمہ کیرن گراؤن (گلوبل ڈائریکٹر، عالمی بینک)، محترمہ میری ایلن اسکن ڈیرئین (ویمنز ورلڈ بینکنگ کی صدر اور سی ای او) اور محترمہ پاروتی سرجاؤداجا (بینک او سی بی سی این آئی ایس پی انڈونیشیا کی پریزیڈنٹ ڈائریکٹر) ہوں گی ۔
پینل کے ارکان معروف عالمی ماہرین ہیں جو خواتین کی مالی شمولیت کے شعبے میں بھرپور تجربہ رکھتی ہیں اور اس شعبے پر ان کی گہری نگاہ اس پالیسی کے مشاورتی مرحلے کو تکمیل تک پہنچانے میں مددگار ہوگی۔
پروگرام میں جناب ہارٹ وگ شیفر (نائب صدر برائے جنوبی ایشیا ریجن، عالمی بینک)، جناب الفانسو گارشیا مورا (نائب صدر برائے ایشیا و بحرالکاہل، آئی ایف سی) کے خیالات سے بھی استفادہ کیا جائے گا جبکہ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک محترمہ سیما کامل پالیسی کے اہم پہلو پیش کریں گی۔