
کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے اور نمبر ون فور جی آپریٹر جاز نے جنوبی وزیرستان میں 4G رول آوٹ کا آغاز کر دیاہے۔جس کا مقصد علاقہ میں تیزرفتار موبائل براڈبینڈ کو فروغ دینا ہے۔
فور جی رول آوٹ کا آغاز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اس علاقہ کے لوگوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے کے اس وعدہ کی تکمیل ہے جو انہوں نے کچھ عرصہ قبل یہاں کے لوگوں سے کیا تھا۔ یہاں یہ بھی قابل ذکر ہے کہ جاز اس علاقہ میں فورجی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والا واحد موبائل فون آپریٹرہے۔
جاز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم اس حوالے سے کہتے ہیں کہ ”یہ اقدام پاکستانی بھائیوں کے مابین تیزرفتار اور قابل عمل رابطے کو یقینی بنائے گا۔
پاکستان کے ہر شہری کو بلاتفریق تیزرفتار انٹرنیٹ براڈ بینڈ کے ساتھ باہمی رابطہ کی سہولت فراہم کرنا ہمارے وژن کی عکاسی کرتا ہے،ہم پسماندہ علاقوں کے رہنے والے افراد کو خودمختار بنانے کا عمل جاری رکھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ترقی کے اس سفر میں کوئی بھی شہری کسی سے پیچھے نہ رہے۔
سال 2020 کی چوتھی سہہ ماہی میں جاز نے 12 ارب 30 کروڑ کی ریکارڈ سرمایہ کاری کی جس میں زیادہ فوکس فور جی سروسز پر کیا گیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی 59 فیصد آبادی کو فور جی سروس تک رسائی حاصل ہوچکی ہے جبکہ اس وقت جاز فور جی صارفین کی تعداد اڑھائی کروڑ (25 ملین)سے بڑھ گئی ہے۔