چائلڈ کانٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام معطل

طلحہ احمد کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی معطلی، نوجوان کریئیٹر کی مشکلات!
سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے مقبول بچے کریئیٹر، طلحہ احمد
کے لاکھوں فالوورز والا انسٹاگرام اکاؤنٹ حال ہی میں معطل کردیا گیا ہے،
جس کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش پھیل گئی ہے۔ طلحہ احمد، جنہیں سادہ اور سبق آموز ویڈیوز
بنانے کی وجہ سے شہرت حاصل ہے، تھیلیسمیا کے مریض بھی ہیں۔
انہوں نے جولائی 2024 میں بیماری کے باوجود سوشل میڈیا پر مواد تخلیق کرنا شروع کیا،
اور 2025 کے آغاز سے ہی ان کی دلچسپی اس میدان میں بڑھتی گئی۔
ان کی آسان اور موثر مواد کی وجہ سے وہ جلد ہی سوشل میڈیا پر مقبول ہو گئے، اور
فیس بک
یوٹیوب
ٹک ٹاک
اور انسٹاگرام جیسے پلیٹ فارمز پر لاکھوں فالوورز حاصل کیے۔
انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی،
اور وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر کسی بھی قابل اعتراض مواد سے دور رہتے تھے۔
21 اگست کو انہوں نے بتایا کہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے،
اور ساتھ ہی انہوں نے نئے جذبے کے ساتھ دوبارہ اس پلیٹ فارم پر واپس آنے کا عندیہ بھی دیا۔
انہوں نے انسٹاگرام کی جانب سے بھیجے گئے اسکرین شاٹ شیئر کیا،
جس میں بتایا گیا کہ ان کا اکاؤنٹ پلیٹ فارم کی پالیسیوں کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا ہے،
مگر تفصیل میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کون سی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
ممکنہ طور پر انسٹاگرام نے نوجوان کریئیٹر کا اکاؤنٹ کم عمر ہونے کی وجہ سے معطل کیا ہے،
کیونکہ ان کی عمر 16 سال کے قریب ہے، اور اس عمر کے افراد کے اکاؤنٹس محدود فیچرز کے ساتھ فعال ہوتے ہیں۔
تاہم، اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔