
دہلی اسکول کی منفرد تقریب، دادا دادی اور نانا نانی کی یونیفارم میں اسمبلی
کراچی کے تاریخی سرکاری دہلی اسکول سے فارغ التحصیل طلبعلوں اور استاتذہ کی بڑی تعداد میں کئی دہائیوں بعد یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت
کراچی: فیڈرل بی ایریا کریم آباد میں واقع عظیم درسگاہوں میں شمار تاریخی دہلی گورنمنٹ اسکول ،جو کئی دہائیوں سے تعلیم کے فروغ میں سرگرم عمل ہے۔
اس تعلیمی ادارے سے بے شمار معروف شخصیات نے تعلیم حاصل کیں، یہ ادارہ جہاں اعلی معیار کی تعلیم فراہم کرنے پر مشہور ہے لیکن اس مرتبہ اسکول کے فارغ التحصیل طلبہ نے ایسا کارنامہ کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔
20 سے 50 سال پہلے میٹرک پاس کرنے والے طلبہ نے یوم پاکستان کے موقع پر دہلی اسکول میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا۔
وہ طالب علم جو اب خود دادا دادی، نانا اور نانی بن گئے ہیں، 23 مارچ کے روز ایک بار پھر طالب علم بن کر یونیفارم میں اسکول پہنچے، تقریب میں سابق اساتذہ کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
تقریب کا انعقاد دہلی اسکول کے 1980 کے بیچ کی جانب سے اولڈ اسٹوڈنٹس نے کیا تھا۔ تقریب میں گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوراں فارغ التحصیل ہونے والے طالبعلموں نے کئی سالوں بعد اسکول کے بچوں کی طرح منفرد انداز اپنایا اور یوم پاکستان کی عظیم الشان تقریبات جو کبھی دہلی اسکول کا خاصہ ہوا کرتی تھیں ایک مرتبہ پھر ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے دہرایا۔
اس موقع پر دور طالب علمی کی یاد تازہ کرتے ہوئے اسکول کے گراؤنڈ میں قطاریں لگا کر خصوصی اسمبلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب اسکول کے سابق طلبا اور طالبات ایک ساتھ جمع ہوئے تھے۔
سابق پرنسپل بلقیس ناصر نے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی یادیں دوبالا ہوگئی ہیں اور ایسا لگ رہا ہے جیسے وہی جوش و خروش واپس آگیا ہے۔
اسمبلی کی تقریب میں سابق پرنسپل شمسی صاحب کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا جبکہ سر ہاشم بھی موجود تھے۔
بعد ازاں طالب علموں نے اپنی اپنی کلاسوں میں جاکر بچپن کے دن یاد کرتے ہوئے اپنی نشستوں پر بیٹھ کر ماضی کی یادیں دوبالا کیں۔ سابق اساتذہ بھی اس موقع پر پرجوش نظر آئے ساتھ ہی طلبہ کا جوش و خروش دیدنی تھا۔