کراچی: سوشل میڈیا کی مقبول ترین سروس واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام 7 گھنٹے کی طویل بندش کے بعد مختلف مملک میں جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئیں۔
گزشتہ روز پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجکر 44 منٹ پر اچانک واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی ایپلی کیشنز نے کام کرنا بند کردیا تھا جس کے بعد صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سروسز کی معطلی کے بعد دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول ٹوئیٹر پر واٹس ایپ سمیت فیس بک کی تمام سروسز پر شدید تنقید کی گئی اور میم بنانے والوں نے یہ موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا اور فیس بک کی سروسز کے خلاف سینکڑوں میمز بناڈالے۔
دوسری جانب سروسز معطل ہونے سے متعلق فیس بک انتظامیہ نے تاحال کوئی وضاحت پیش نہیں کی جبکہ فیس بک ہیک ہونے کی افواہیں بھی گردش کررہی تھیں۔
پاکستان میں پی ٹی اے نے فوری طور پر افواہوں کا جائزہ لیتے ہوئے صارفین کو واٹس ایپ سمیت فیس بک اور انسٹاگرام کی بندش سے متعلق آگاہ کیا۔
فیس بک کی 7 گھنٹے تک بند رہنے والی سروسز کے نتیجے میں بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹ میں فیس بک کے شیئرز 4.2 فیصد تک گر گئے جس پر ماہرین کا کہنا تھا اگر صارفین مزید ابہام میں رہے اور فیس بک کی انتظامیہ کا واضح موقف سامنے نہ آنے جبکہ سروسز جلد بحال نہ ہونے کی صورت میں فیس بک کے مالی معاملات پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔