کراچی: کے الیکٹرک کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے کراچی ایوارڈز کا اعلان فروری کے مہینے میں کیا گیا تھا۔
اس تقریب کا مقصد کراچی کے شاندار ماضی کو اجاگر کرتے ہوئے، ایسے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے،جو اس شہر کی سماجی ترقی کے لئے مصروف عمل ہیں اور جدت پسند کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں پیش پیش ہیں۔
ان اداروں کے مسلسل اقدامات سے کراچی کو سماجی، تعمیری اور تہذیبی اعتبار سے بہت سے فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔
کراچی ایوارڈز کا پلیٹ فارم اقوام متحدہ کے 2030 ایجنڈا برائے پائیدار ترقی (سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ) کی تدابیر اور قواعد کے عین مطابق ہے۔ کراچی ایوارڈز جیتنے والوں کو بجلی کے بلوں میں رعایت کی صورت میں 250,000 روپے سے لے کر 500,000 روپے تک انعام میں دیئے جائیں گے۔
شرکت کے خواہشمند ادارے درخواست فارم کے الیکٹرک کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اداروں کو مجموعی طور پر 13 اعزازات پیش کئے جائیں گے، جبکہ ہر شعبے میں تین ادارے کامیاب قرار دیئے جائیں گے۔
ان اعزازات کے لئے ایسے منصوبوں اور تجاویز کو ترجیح دی جائے گی، جن سے کراچی کے شہریوں کو براہ راست فوائد حاصل ہو ں اور مختلف سماجی برادریوں کا معیار زندگی بلند ہوسکے، یا انفراسٹرکچر کو ترقی حاصل ہوتی ہو۔
ان شعبوں میں تعلیم، عوامی صحت، سماجی ترقی، صنفی شمولیت، آمدن کے مواقع اور پیشہ ورانہ تربیت، لوک ورثہ اور ثقافت، ڈیجیٹل رسائی اور مالیاتی شمولیت، ورزشی کھیل، (آتشزدگی، سڑک، گھریلواور ذاتی) تحفظ، ماحولیاتی پائیداری، خواتین کی استعداد، سماجی خدمات اور ایک سال سے کم قیام والے نئے ادارے شامل ہیں۔
ایوارڈز کے لیے درخواست فارم (نصف شب) 15مارچ، 2021ء تک دستیاب ہوں گے۔کے الیکٹرک شرکت کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ دستاویزات کی تیاری کرتے وقت داخلے کے لیے دی گئی ہدایات کا مطالعہ غور سے کریں۔
تیرہ کیٹیگریز میں کل 20 ایوارڈزدئیے جائیں گے جبکہ ہر درخواست گزار صرف تین کیٹیگریز میں درخواست جمع کراسکتاہے۔