
لندن (فرح کاظمی) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کمیونٹی سے اپنے خطاب میں ہائی کمشنر نے تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی پر مبارکباد دی اور ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے قائد اعظم، علامہ اقبال اور تحریک پاکستان کے دیگر ہیروز کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے اپنے غیر متزلزل عزم اور دور اندیش قیادت کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ریاست تشکیل دی۔
معظم احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے کامیابی سے ملک میں امن اور استحکام کو بحال کیا ہے اور اب قومی قیادت کا محور معاشی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور علاقائی اقتصادی مرکز بننے کے لیے تیار ہے۔ پاک برطانیہ تعلقات پر ہائی کمشنر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات دن بدن زیادہ مضبوط ہو رہے ہیں۔
ہائی کمشنر نے پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی ترقی اور ترقی میں اہم کردار ادا کرنے اور دونوں ممالک کو قریب لانے کے لیے پاکستانی شہریوں کی تعریف کی۔
انہوں نے تارکین وطن اور برطانوی سرمایہ کاروں پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔
برطانیہ کی سفری ریڈ لسٹ میں پاکستان کے شامل ہونے پرہائی کمشنر نے کہا کہ وہ کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ کی حکومت کے تمام متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان جلد ہی ریڈ لسٹ سے باہر آ جائے گا۔
ہائی کمشنر نے بھارت کے غیر قانونی قبضے میں رہنے والے کشمیریوں کی قربانیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی جاری رہے گا۔
صدر پاکستان کی جانب سے ہائی کمشنر نے ستارہ پاکستان اور ستارہ قائد اعظم کو بالترتیب بیرونس سعیدہ وارثی اور یاسمین قریشی ایم پی کو عطا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں معزز خواتین کے لیے سول ایوارڈ پاکستان اور اس کے عوام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔
تقریب کا اختتام بچوں کے پیش کردہ قومی گیت اور ہائی کمشنر اور ان کی شریک حیات کی طرف سے کیک کاٹنے پر ہوا۔
اسی طرح کی تقریبات پاکستان کے برطانیہ کے دیگر شہروں میں موجود قونصل خانوں میں بھی منعقد کی گئیں۔
